مغل روڈاور سری نگر،لیہہ شاہراہ دوبارہ بند ،11نومبرکوبعددوپہر سے موسم میں بہتری :محکمہ موسمیات
سری نگر//دوران شب کچھ مقامات پر بارشوں اورہلکی برف باری کے بعد بدھ کی صبح پوری کشمیر وادی ،وادی چناب اورخطہ پیرپنچال کے میدانی علاقوںمیں بارشوں اور کچھ بالائی مقامات پر برف باری کاسلسلہ شروع ہوا،جو شام تک وقفے وقفے سے جاری تھا۔اس دوران تازہ برف باری کے بعدپیداہونے والی پھسلن کے پیش نظر حکام نے سری نگر لیہہ شاہراہ اورتاریخی مغل روڑ کوگاڑیوںکی آمدورفت کیلئے بند کردیا۔تاہم سری نگرجموں قومی شاہراہ پر تاایں دم ٹریفک کی نقل وحمل بغیر کسی خلل یارکائوٹ کے جاری ہے ۔ادھر محکمہ موسمیات نے پہلے جاری کردہ موسمیاتی ایڈوائزری کودوہراتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر کے میدانی اوربالائی علاقوںمیں 11نومبر کوبعددوپہرتک موسمی صورتحال خراب رہے گی ،جس دوران مخصوص بالائی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری ہونے کاامکان ہے ۔متعلقہ محکمے نے مزید کہاکہ برف وباراںکے رواں سلسلے کے بعد کشمیروادی کیساتھ ساتھ دیگر علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں گرائوٹ آئی ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق سنیچر اوراتوار کی درمیانی رات برف وباراں کے بعدپیر اورمنگل کی درمیانی رات بھی خطہ پیرپنچال کے آرپار بارشوں اور برف باری کاسلسلہ جاری رہا،تاہم منگل کے روز دن کے وقت موسم مجموعی طورپر خشک رہاجبکہ اس دوران کچھ علاقوںمیں کچھ وقت کیلئے سورج بھی بادلوں کوچیرتے ہوئے نکل آیا۔منگل کوشام دیر گئے سے پھر موسم نے کروٹ لی اورسری نگرسمیت کشمیروادی کے میدانی علاقوںمیں رات بھر وقفے وقفے سے بارشیں ہوتی رہیں جبکہ اس دوران سونہ مرگ کے آس پاس والے علاقوں اورپیرکی گلی سمیت دیگر کچھ بالائی مقامات پر تازہ برف باری ہوئی ۔بدھ کی صبح دوپہرتک موسم مجموعی طورپرخشک رہالیکن بعدددوپہر سری نگر سمیت کشمیروادی کے بیشترعلاقوںمیں بارشوںکاسلسلہ پھرسے شروع ہوگیا ،اورشام تک بارشوںکایہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری تھا۔اس دوران سونہ مرگ ،زوجیلا اورپیرکی گلی سمیت کئی بالائی علاقوںمیں برف باری ہونے کی اطلاعات بھی ملیں ۔اس دوران تازہ برف باری کے بعدپیداہونے والی پھسلن کے پیش نظر حکام نے سری نگر لیہہ شاہراہ اورتاریخی مغل روڑ کوگاڑیوںکی آمدورفت کیلئے بند کردیا۔تاہم سری نگرجموں قومی شاہراہ پر تاایں دم ٹریفک کی نقل وحمل بغیر کسی خلل یارکائوٹ کے جاری ہے ۔ حکام نے بدھ کوبتایاکہ مغل روڈ کو ہلکی موٹر گاڑیوں کیلئے منگل کی دوپہرکو دوبارہ کھولنے کے بعد، برف باری کی وجہ سے دوبارہ گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے دوبارہ بند کر دیا گیا۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ پونچھ اور راجوری کے جڑواں اضلاع کو شوپیاں سے جوڑنے والی تاریخی سڑک پیر کی گلی ، مانسر موہرے اور پوشا سمیت کئی مقامات پر برف باری کے بعد اتوار سے منگل کی دوپہر تک ٹریفک کے لئے بند رہی، تاہم، منگل کی دوپہرمغل روڑ کو دوبارہ کھولا گیا لیکن پیرکی گلی کے مقام پر تازہ برف باری کی وجہ سے اسے دوبارہ بند کرنا پڑا۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ سونمرگ کے آس پاس کے علاقوں میں برف باری کے بعد سری نگر،سونہ مرگ،گماری (ایس ایس جی) روڈ یعنی سری نگر لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کو معطل کر دیا گیا ہے۔دریں اثناء ٹریفک حکام نے یہ بھی بتایا کہ جموں سری نگر شاہراہ ٹریفک کیلئے گزر رہی ہے۔دریں اثناء محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے منگل کی صبح کہاکہ’’ جموں وکشمیرمیں 11نومبرتک موسم بے ترتیب رہے گا۔ 12 سے مجموعی طور پر بہتری متوقع ہے‘‘انہوںنے کہاکہ موسم سرما شروع ہوچکاہے ،اسلئے لوگ کمروںکو گرم رکھیں، محفوظ رہیں۔سونم لوٹس نے کہا کہ نومبرکی 9ویں شام سے11ویں دوپہر کے دوران ہلکی سے اعتدال پسند برفباری (اونچائی سے زیادہ) ہونے کا امکان ہے۔ 10نومبر کو زوجیلا پاس پر سطحی نقل و حمل میں خلل پڑ سکتا ہے۔ انہوںنے مزیدکہاکہ11سے17 نومبر تک بنیادی طورپر خشک موسم متوقع ہے،اورفی الوقت کسی بڑی برف باری کی پیش گوئی نہیں ہے ۔انہوںنے کہاکہ 12سے16نومبرتک آسمان صاف رہنے کیساتھ ساتھ جزوی طور پر75فیصد ابر آلودرہنے کاامکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے پھرکہاکہ10اور11نومبر کوہونے والی متوقع برف وباراں اوردرجہ حرارت میں کمی ہونے کے نتیجے میں سری نگر جموں قومی شاہراہ ،سری نگر لیہہ شاہراہ اورلیہہ منالی روڑ کے علاوہ مغل روڑ پر ٹریفک کی سطحی نقل و حمل میں عارضی خلل پڑ سکتا ہے۔اسلئے لوگ سفر شروع کرنے سے پہلے، تکلیفوں سے بچنے کے لئے ٹریفک پولیس سے سڑک کی حالت جانیں۔سونم لوٹس نے مزیدکہاکہ بڑے راستوں یعنی شاہراہوں پر مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے ساتھ کافی کھانے کی اشیاء ، گرم جوتے، کپڑے وغیرہ لے جائیں۔ کیونکہ خراب موسم میں سڑک کی حالت غیر یقینی رہتی ہے۔










