Four-day summer camp for Sports Learning and Development under its ‘Sports for better mental health’ initiative, organized by Foundation for Sports Learning and Development at the world famous health resort of Pahalgam in Kashmir

پہلگام میں منعقدہ گرمائی کیمپ اختتام پذیر، ایک سو کھلاڑیوں کی شرکت

سری نگر//جنوبی کشمیر میں واقع مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں منعقدہ فاؤنڈیشن فار سپورٹس لرننگ اینڈ ڈیولپمنٹ (ایف ایس ایل ڈی) کے پہلے گرمائی کیمپ میں زائد از ایک سو کھلاڑیوں، جن میں لڑکیاں بھی شامل تھیں، نے شرکت کی۔بتا دیں کہ ایف ایس ایل ڈی کی طرف سے منعقدہ اس چار روزہ سپورٹس کیمپ کا مقصد جموں و کشمیر میں مارشل آرٹس سمیت سپورٹس کے مختلف شعبوں کو فروغ دینا ہے۔یہ گرمائی کیمپ، جس کو ہفتے کے روز سری نگر میں واقع گندن اسٹیڈیم اور خواتین کالج اننت ناگ سے روانہ کیا گیا تھا، منگل کے روز اختتام پذیر ہوا۔اس کیمپ کو سٹار ہومز، ارفع سپشیز، ملک پلائی بورڈ، پلائی گلاس، اننت ناگ ٹائٹنز، سٹاپ ان شاپ، کویسٹ مینجمنٹ اکیڈیمی، پٹس اینڈ لو، ایف ایل ایس ڈٰ فوڈس کا اشتراک حاصل تھا۔ایف ایس ایل ڈی کی ان کاوشوں کی سراہنا کرتے ہوئے نائب تحصیلدار غلام گیلانی نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو صحیح سمت دینے کے لئے سپورٹس کا اہم رول ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے نوجوانوں کو کیمپنگ کا کافی کم تجربہ ہے ایسے کیمپس کے انعقاد سے نوجوانوں کو دوسری ریاستوں کے کھلاڑیوں کے ساتھ ملنے جلنے اور اظہار خیال کرنے کا موقع ملتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایف ایل ایس ڈی کو ایسی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لئے تمام تر تعاون فراہم کیا جائے گا۔ایف ایل ایس ڈی کے جنرل سکریٹری عاقب مجید نے یو این آئی کو بتایا کہ اس کیمپ کے انعقاد کی ایک وجہ یہ تھی کہ نوجوانوں کو ذہنی کوفت سے نجات دلانے کے لئے کسی صحت افزا مقام پر لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں ذہنی صحت کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ بگڑ رہی ہے اور ایسے کیمپس کا انعقاد اس ضمن میں کلیدی اہمیت کے حامل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی منشیات و دیگر سماجی برائیوں کے متعلق کونسلنگ بھی کی گئی۔ (یو این آئی)