مزید اسلحہ وگولی بارود برآمد،مقدمہ درج :ایس ایس پی روہت باسکوترا
راجوری// صوبہ جموں کے سرحدی ضلع پونچھ میں حال ہی میں ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیزآلہ (آئی ای ڈی) کی برآمدگی کے سلسلے میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت ایک خاتون سمیت5 افراد کو گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔جے کے این ایس کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیسSSP پونچھ روہت باسکوترا نے جمعے کے روزیہاں نامہ نگاروں کو بتایاکہ ضبط شدہ آئی ای ڈی کو لائن آف کنٹرول کے پار سے اسمگل کیا گیا تھا اور 28 ستمبر کو پونچھ کی پریڈ پارک میں ایک خاتون سے برآمد کی گئی تھی۔ایس ایس پی روہت باسکوترا نے بتایاکہ خاتون نے انکشاف کیا کہ اس کے شوہر محمد آزاد نے اسے آئی ای ڈی فراہم کی تھی اور اس کے مطابق مذکورہ ملزم کوگرفتار کیا گیا اوراُسے مسلسل پوچھ گچھ کی گئی، جس کے نتیجے میں پورے ماڈیول یانیٹ ورک کا پردہ فاش ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ ملزم محمد آزاد کے ماموں ٹیکا خان نے، جو پاکستان میں ہیں، نے آئی ای ڈی کا انتظام کیا۔ بعد ازاں اسے سرحدپار سے اسمگل کیا گیا اور اسے قمردین اور وجاہت نے محمدآزاد کے حوالے کیا۔ایس یس پی پونچھ نے کہاکہ دونوں ملزمان قمردین اور وجاہت کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ایس ایس پی روہت باسکوترا نے بتایا کہ ایک اور شخص، مشتبہ سرحد پار اسمگلر کمال الدین کا نام بھی ملزم سے پوچھ گچھ کے دوران سامنے آیا اور اسے، اسکے ساتھی سجاد کے ساتھ موقع کی کارروائی میں پکڑا گیا۔انہوںنے کہاکہ معمول کی گشت کے دوران پولیس نے2 افراد کو مشکوک انداز میں حرکت کرتے ہوئے دیکھا اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ تاہم، ایک مختصر تعاقب کے بعد ان پر قابو پالیا گیا۔بعد میں پتہ چلا کہ یہ جوڑی کمال الدین اور سجاد تھی۔ایس ایس پی روہت باسکوترا نے بتایا کہ ان کے پاس سے6 کلو سے زیادہ ہیروئن ضبط کی گئی، اور انہوںنے اس برآمدگی کو منشیات کے خلاف جنگ میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ایس ایس پی روہت باسکوترا کاکہناتھاکہ کمال الدین کے دو بھائی نظر اور عاطف بھی پاکستان میں ہیں اور بھارتی مفادات کے خلاف کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس سے ایک پستول، 2 میگزین اور 42 راؤنڈ برآمد ہوئے ہیں۔ایس ایس پی پونچھ نے مزید کہا کہ ان پانچوں کے خلاف غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔آئی ای ڈی کے نشانے پر ایک سوال کے جواب میں، ایس ایس پی روہت باسکوترا نے کہا کہ قوم دشمن نے ہمیشہ جموں و کشمیر میں امن کو خراب کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہاکہ پولیس اور سیکورٹی ایجنسیاں خطرے سے پوری طرح چوکس ہیں اور ہماری چوکسی انہیں کامیاب نہیں ہونے دے رہی ہے۔










