سری نگر//محکمہ موسمیات کی جموں وکشمیرمیں ماہ نومبرکی آخرتک موسم خشک رہنے اوردھوپ نکلنے کی پیش گوئی کے بیچ کشمیر وادی میں مطلع صاف رہنے کے باعث شبانہ درجہ حرارت میں تیزی کیساتھ تنزلی کاسلسلہ شروع ہوگیا۔شہر سری نگر میں رواں سیزن میں پہلی مرتبہ رات کاکم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے آیا جبکہ پہلگام ،شوپیان اورگلمرگ سمیت شمال وجنوب بیشتر مقامات پربھی شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈ کیاگیا۔اس دوران صبح اورشام کے وقت گہری دُھند اور یخ بستہ ہوائیں چلنے سے لوگوںکونقل وحمل میں سخت دشواریوں کاسامنا کرنا پڑرہاہے ۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات نے پھر یہ پیش گوئی دوہرائی کہ جموں وکشمیر میں رواں ماہ کے آخرتک موسم خشک رہے گاتاہم یکم دسمبر سے 4دسمبرتک مغربی ہوائوں کے عمل دخل کی وجہ سے موسم خراب رہ سکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہاکہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات کشمیروادی کے بیشتر میدانی اوربالائی علاقوںمیں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہا جبکہ پہلگام،شوپیان اورگلمرگ بالترتیب سردترین مقامات رہے ۔اس دوران حالیہ دنوںکی طرح بدھ کے روز بھی سری نگر سمیت وادی کے بیشترعلاقوںمیںکم شدت والی دھوپ نکلی اورموسم خشک رہا۔ حالیہ کچھ دنوںکی طرح ہی بدھ کے روز بھی کشمیر وادی ،خطہ پیرپنچال ،وادی چناب اور جموں شہر واسکی نواحی علاقوںمیں موسم مکمل طور پر خشک رہا۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ کشمیر وادی میں کم شدت والی دھوپ نکلنے کیساتھ ساتھ آسمان پر ہلکے بادل بھی چھائے رہے ۔تاہم آسمان پر موجود بادل برسنے والے نہیں تھے ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے بدھ کی صبح پھر کہاکہ اگلے7 دنوں کے دوران جموں وکشمیر اور لداخ میں خشک اور زیادہ تر دھوپ والا موسم متوقع ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ذمہ دار نے کہاکہ اگلے 7 دنوں کے دوران کچھ دنوں میں مطلع ابر آلود رہنے کاامکان ہے، لیکن بارش کا امکان نہیں ہے۔انہوںنے مزید کہاکہ جموں وکشمیر اورلداخ میں خشک موسم دسمبر کے پہلے ہفتے کے آخر تک برقرار رہ سکتا ہے، حالانکہ یکم اور 4دسمبر کے آس پاس کمزور مغربی ہوائوں کے عمل دخل کا کچھ امکان ہے۔اس دوران محکمہ موسمیات نے کہاکہ حالیہ دنوں میں موسم خشک رہنے اوررات کے وقت آسمان صاف رہنے کی وجہ سے کشمیروادی کے بیشتر میدانی اوربالائی علاقوںمیں درجہ حرارت معمول سے نیچے رہا جبکہ پہلگام،شوپیان اورگلمرگ بالترتیب سردترین مقامات رہے۔انہوںنے کہاکہ منگل اور بدھ کی کی درمیانی رات سری نگرمیں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔یادرہے سری نگرمیں رواں سیزن میں پہلی مرتبہ رات کاکم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے آیاہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی کشمیرمیں واقع سیاحتی مقام پہلگام میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.8ڈگری سینٹی گریڈ، شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں واقع مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی3.8ڈگری سینٹی گریڈ ،شمالی کشمیر کے کپوارہ قصبے میں دوران شب کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.9ڈگری سینٹی گریڈ ، قاضی گنڈ میں بھی شبانہ درجہ حرارت منفی1.6، شوپیان میں منفی 4.3،اننت ناگ میں منفی 1.5،بارہمولہ میں منفی 1.2،پلوامہ میں منفی 1.7،اونتی پورہ میں منفی 3.2،پانپور میں منفی 3.0اورکوکرناگ میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت0.3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔










