سری نگر//پرنسپل سیکرٹری جل شکتی شالین کابرا نے سول سیکرٹریٹ میں جموں وکشمیر کے تمام اَضلاع میں محکمہ کی سرمائی تیاریوں اور اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔پرنسپل سیکرٹری نے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں بالخصوص دُور دراز اور برفباری والے علاقوں میں رہنے والوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ایک فعال اَنداز اَپنائیں۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ سردیوں میں پینے کے پانی کی کوئی قلت نہ ہو اور اِس سلسلے میں پیشگی اقدامات اُٹھائے جائیں تاکہ تمام مسائل پر قابو پایا جاسکے۔اُنہوں نے چیف اِنجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ مستقبل میں پیش آنے والے مسائل کی فہرست کے بارے میں ایک اچھی طرح سے منصوبہ تیار کریں تاکہ زیادہ تر منصوبہ بند اور مناسب اقدامات پہلے سے کئے جاسکیں۔اُنہوں نے گذشتہ میٹنگوں میں منظور کی گئی ہدایات پر عمل درآمد کا جائزہ لیتے ہوئے اَفسران سے سرمائی تیاریوں پر کڑی نظر رکھنے کو کہا اور انہیں ہدایت دی کہ وہ ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں اور موسم سرما کی تیاری کے لئے ایک جامع اور قابل عمل طریقہ کار بنا کر جموں و کشمیر کے لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف سے بچنے کے لئے اہم کوششیں کریں۔اُنہوں نے سردیوں میں پانی کے ذرائع کو منجمد کرنے کے حوالے سے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ماضی کے تجربے کی بنیاد پر کمزور علاقوں کی تفصیلات مرتب کرکے فوری اقدامات کریں اور مستقل نوعیت کے حل تلاش کریں ۔اُنہوں نے کہا کہ انجماد کے دوران جہاں پائپ کھلتے ہیں اور پھٹ جاتے ہیں وہاں بھی فوری اقدامات کرنے ہوں گے۔اُنہوں کہاکہ ایک اِدارہ جاتی میکانزم تیار کیا جانا چاہیے تاکہ کسی اُبھرتے ہوئے مسئلے کو متعلقہ حکام کے نوٹس میں لایا جائے اور فوری ایکشن لیا جائے اور اِس کے حل کے لئے ہمارے پاس اَپنے وسائل آسانی سے دستیاب ہوں ۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ تمام اہم تنصیبات کی نقشہ سازی ، واٹر سپلائی سکیموں او رلفٹ سٹیشنوں کی طرف جانے والی سڑکوں کے تمام مقامات کی فہرست تیار کی گئی ہے ۔ میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ جموں وکشمیر میں ٹینکروں کی کافی مقدار دستیاب ہے ۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ و اٹر ٹینکروں کے اِستعمال کی مانیٹرنگ اور ریگولیشن مستقل بنیادوں پر کی جائے۔پرنسپل سیکرٹری نے اَفسران کو مزید ہدایت دی کہ وہ تمام مطلوبہ جگہوں پر جبلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور خلل پڑنے کی صورت میں متبادل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور ایندھن کا ذخیرہ پہلے سے ہی اَچھی طرح سے کیا جائے۔اُنہوں نے شکایات کے اِندراج کے لئے کنٹرول روم اور ہیلپ لائن نمبرات کے قیام کی بھی ہدایت دی ۔ اُنہوں نے اِس بات پر زو ردیتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کا ازالہ اِس حکومت کی حکمرانی کا ایک اہم جزو ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ شکایات کو مرتب کیا جانا چاہیے اور متعلقہ اَفسران کو چوبیس گھنٹے کے اَندر مناسب کارروائی کو یقینی بنانا چاہئے۔اُنہوں نے اَفسران کو مزید ہدایت دی کہ وہ چھوٹے اور بڑے مختلف منصوبوں پر عمل کرتے ہوئے قریبی تال میل او رہم آہنگی کو برقرار رکھیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ بہتر نتائج کے لئے دونوں صوبوں سے ڈیٹا کی یکسانیت کو یقینی بنایا جائے۔میٹنگ میں محکمہ جل شکتی کے سپیشل سیکرٹری ، چیف اِنجینئران ، ایس اِی اور محکمہ دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔










