سری نگر//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ( ایس ڈی ڈی ) ڈاکٹر اصغر سامون نےایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں پنچائت سطح کے ہنر مندی کے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ ضلعی ہنر مندی کے ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل پر پیش رفت کا جائیزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں یو ٹی ٹیکنیک کالجز کے پرنسپلز ، ایس ڈی ڈی ، سیکرٹری پلاننگ ڈیولپمنٹ اینڈ مانیٹرنگ ڈیپارٹمنٹ ، مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ، مشن ڈائریکٹر جے کے ایس ڈی ایم ، ڈائریکٹر ایس ڈی ڈی اور دیگر افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی ۔ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے افسران پر زور دیا کہ ہر ضلع سے ایک مناسب منصوبہ مرتب کیا جائے تا کہ تجارت کے لحاظ سے منصوبہ بندی کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے صنعت کی ضروریات اور مقامی نوجوانوں کی خواہشات کے مطابق ہونے چاہئیں ۔ انہوں نے ہر ضلع سے ڈسٹرکٹ سکل ڈیولپمنٹ پلان اور مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کیلئے آگے بڑھنے کے راستے کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم آہنگی کی ضرورت ہے اور ہمارا مقصد یہ ہونا چاہئیے کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ہنر مندی سے مستفید ہوں ۔ انہوں نے افسران سے مزید کہا کہ وہ تال میل کے ساتھ کام کریں تا کہ ہر ضلع کی دفعات کے مطابق ایک مناسب منصوبہ بنایا جا سکے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پنچائت علاقوں میں ہنر کی تربیت کا وسیع دائرہ کار ہے کیونکہ نوجوانوں کی بڑی تعداد کو مختلف شعبوںمیں تربیت دی جا سکتی ہے اور انہیں خود کفیل بنایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنچائت سطح سے ہنر مندی کی منصوبہ بندی نوجوانوں کی بے روز گاری کے خدشات کو کم کرنے میں نمایاں مدد کرے گی ۔










