کئی نوجوانوں نے کی تربیتی پروگرام میں شرکت
ہندوارہ//سائبر کرائمز کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے پولیس اسٹیشن ویلگام میں سائبر کرائم بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔ تقریب کی صدارت ایس ڈی پی او ہندواڑہ نے کی۔جے کے این ایس نامہ نگار طارق راتھر کے مطابق اس موقع پر ایس ایچ او ویلگام اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ شرکاء میں ویلگام علاقہ کے معزز شہری اور نوجوان شامل تھے۔ انہیں مختلف قسم کے سائبر خطرات،جرائم جیسے شناختی چوری، کریڈٹ کارڈ فراڈ، ڈیٹا چوری، سائبر اسٹالنگ، پورنوگرافی، او ٹی پی فراڈ وغیرہ کے بارے میں بتایا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی پی او ہندواڑہ نے شرکائکو مشورہ دیا کہ وہ انٹرنیٹ پر سرفنگ کرتے وقت محفوظ براؤزنگ کی عادتیں اپنائیں، مشکوک ویب سائٹس سے گریز کریں۔ انہوں نے شرکاء سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ OTPs یا بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات اور پاس ورڈ شیئر نہ کریں اور انٹرنیٹ بینکنگ اور آن لائن لین دین کرتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ شرکاء کو نامعلوم افراد کی فرینڈ ریکویسٹ قبول کرنے یا سوشل میڈیا پر نامعلوم افراد کے ساتھ چیٹ کرنے سے بھی خبردار کیا گیا۔ شرکاء نے عوام میں بیداری پیدا کرنے میں پولیس کی کاوشوں کو سراہااور اس طرح کے پروگرام منعقد کرنے پر پولیس کا شکریہ کیا۔










