کالمسٹار کو ایکو ٹوراِزم ہب کے طورپر ترقی دی جائے گی
کشتواڑ// وزیر برائے جل شکتی، جنگلات وماحولیات اور قبائلی امورمحکمہ جات جاوید احمد رانا نے ڈِی سی آفس کمپلیکس کشتواڑ کے کانفرنس ہال میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں ضلع بھر میں جاری کلیدی ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ممبر پارلیمنٹ راجیہ سبھا سجاد احمد کچلو، ممبر اسمبلی کشتواڑ شگن پریہار۔ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ پنکج کمار شرما، اے ڈِی ڈِی سی وِنود کمار بہنال، اے ڈِی سی پون کوتوال اور ضلع کے سینئر اَفسران نے شرکت کی۔ وزیر موصوف نے جل جیون مشن، آبپاشی و سیلابی کنٹرول، جنگلات، دیہی ترقی، صحت، بجلی اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوںنے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ وہ ضلع کشتواڑ کے جامع اور دیر پا ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی خدمات کی مؤثر فراہمی کے لئے اَپنی کوششوں کو دوگنا کریں۔
وزیر جل شکتی نے ماحولیاتی ترجیحات کو اُجاگر کرتے ہوئے پانی اور ماحول کے تحفظ پر زور دیا اورڈویژنل فارسٹ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ سڑک تعمیر کرنے والی ایجنسیوں کے ساتھ تال میل رکھیں تاکہ سڑکوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ حفاظتی اقدامات بشمول ضرورت کے مطابق ڈھلوانوں کو مستحکم کرنا یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے کشتواڑ خطے میں سیاحت کے فروغ کے لئے ایک اہم قدم کے طور پر کالمستار علاقے کو ایک بڑے سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے کا اعلان کیا۔ اُنہوں نے اس علاقے کی پوشیدہ صلاحیتوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیاحوں کو متوجہ کرنے اور مقامی آبادی کے لئے دیرپاروزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ وزیرموصوف نے ڈویڑنل فارسٹ آفیسر (ڈی ایف او) کشتواڑ کو ہدایت دی کہ اس منصوبے کے لئے جلد از جلد تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) تیار کریں۔جاوید رانا نے کہا کہ کالمستار کی ترقی خطے میں سیاحت پر مبنی اِقتصادی ترقی کے لئے ایک محرک ثابت ہوگی اور اِس سے کشتواڑ کے لوگوں کے لئے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنرنے یو ٹی کیپکس، ضلع کیپکس، نبارڈ اور دیگر سکیموں کے تحت شعبہ وار طبعی و مالی پیش رفت پر مبنی ایک جامع پاورپوائنٹ بریفنگ پیش کی۔
وزیر موصوف نے پانی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کے حوالے سے پرانی سکیموں کی اَپ گریڈیشن اور ’’ہر گھر جل‘‘ مہم کے تحت سرٹیفکیشن کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے کندنی نالہ سے بدھت (سرور) علاقے کے لئے 2.75 کروڑ روپے کی لفٹ واٹر سپلائی سکیم کے لئے ڈِی پی آر تیار کرنے کی بھی ہدایت دی۔ بدھت (سرور)، ٹنڈر (دچن) اور دیگرپسماندہ علاقوں میں پانی کی فراہمی اور آبپاشی کی سہولیات کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی تاکہ زرعی پیداوار میں اِضافہ ہو سکے۔اُنہوں نے سی اِی او میونسپل کونسل کشتواڑ کو خانواری شالا مار میں کچرا ڈمپنگ سائٹ کی تکمیل کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے متعلقہ افراد سے آر ڈی ایس ایس سکیم پر تیزی سے عمل آوری کے ساتھ ساتھ 35 غیر بجلی سے چلنے والے دور دراز دیہاتوں میں تیزی سے برقی کاری کو یقینی بنانے پر زور دیا۔وزیر جاوید رانا نے ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے پولوشن کنٹرول اور مائننگ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ دریائے چناب میں تعمیراتی ملبہ پھینکنے کی سخت نگرانی کریں اور اسے روکیں اور خبردار کیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں جوابدہی طے کی جائے گی۔اُنہوں نے مجوزہ گوجر۔بکروال ہوسٹل کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا اور اس کی تعمیر کے لئے مناسب اراضی کی جلد نشاندہی کرنے کی ہدایت دی۔
وزیرموصوف نے ضلع بھر کے لوگوںکے ساتھ بھی بات چیت کی اور نچلی سطح کے مسائل کو روبرو سنا۔ انہیں ضلع کو درپیش کئی اہم مسائل سے آگاہ کیا گیاجن میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، جاری ترقیاتی کاموں میں تیزی، پانی کی فراہمی کے نظام کو مضبوط بنانا، یومیہ اجرتی ملازمین کی مستقلی اور ان کی بقایا تنخواہوں کی ادائیگی شامل ہیں۔ چاسوتی میں سیلاب سے متاثرہ کنبوں کے لئے امداد، تباہ شدہ پیدل پلوں کی مرمت، مقامی نوجوانوں کے لئے دیرپا روزگار کے مواقع اور کشتواڑ شہر میں پینے کے پانی کی قلت بھی اہم مسائل میں شامل تھے۔اُنہوںنے تمام نمائندوںکو بغور سنا اور وفد کو یقین دِلایا کہ ان کے مسائل متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھائے جائیں گے۷ اور انکا فوری ازالہ یقینی بنایاجائے گا۔










