ڈائریکٹر فائنانس کے بیٹے کے انتقال پر تعزیت کیلئے ان کے گھر گئے
اننت ناگ//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ کی ہدایت پر وزیر مسٹر جاوید احمد ڈار اور وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی نے اننت ناگ میں ڈائریکٹر فائنانس ظہور احمد وانی کی رہائش گاہ پر جا کر ان کے بیٹے امان ظہور وانی کے بے وقت انتقال پر تعزیت کی ۔ امان ظہوروانی کا کل اچانک دل کا دورہ پڑنے سے دہلی میں انتقال ہو گیا ۔ وزیر اور مشیر کے ساتھ ایم ایل اے گلمرگ فاروق احمد شاہ اور ایم ایل اے پہلگام الطاف احمد وانی بھی تھے ۔ انہوں نے اننت ناگ کے اکاد میں واقع ان کی رہائش گاہ پر سوگوار خاندان سے ملاقات کی اور وزیر اعلیٰ اور پوری حکومت کی جانب سے ظہور احمد وانی سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔ ان کی موت پر گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کیلئے تسلی کے کلمات پیش کئے اور غم کی اس گھڑی میں صبر و استقامت کے ساتھ ساتھ مرحوم کی روح کیلئے ابدی سکون کیلئے دعا کی ۔










