رنگ روڈ ، سندھ ریور فرنٹ اور ٹاؤن ہال کے پروجیکٹوں کا جائیزہ لیا ، زازونا منڈی میں پھل اگانے والوں سے بات چیت کی
گاندر بل//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے گاندر بل ضلع میں مجموعی ترقیاتی صورتحال کا جائیزہ لیا اور 5 مکمل شدہ ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا جن کی مالیت 16.72 کروڑ روپے ہے اور 2 نئے پروجیکٹوں کی بنیاد رکھی جن کی مالیت 41.54 کروڑ روپے ہے اس طرح پروجیکٹوں کی کل مالیت 58.26 کروڑ روپے ہو گئی ۔ ان پروجیکٹوں میں بہتر سڑکوں کی رابطہ کاری ، ایک نئی اسکول کی عمارت ، دریائے جہلم پر ایک پُل اور زازونا پھل و سبزی منڈی میں ایک کثیر المقاصد نیلامی پلیٹ فارم شامل ہیں جن کا مقصد عوامی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور ضلع کی باغبانی معیشت کی حمایت کرنا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے گژہاما شلوت میں دریائے جہلم پر ایک پل کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھا جس کی لاگت 39 کروڑ روپے ہے ۔ انہوں نے پھل اور سبزی منڈی زازونا میں کثیر المقاصد نیلامی پلیٹ فارم کا بھی سنگِ بنیاد رکھا جس کی لاگت 2.54 کروڑ روپے ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے پانچ مکمل شدہ پروجیکٹوں کا افتتاح بھی کیا جن میں تحصیل باغ کو لار بائی پاس اور یانیہامہ کو ڈینجر پورہ سے ملانے والی سڑکیں ، ڈار محلہ وتل باغ سے ڈینجر پورا تک کی سڑک اور متعلقہ لنکس ، ہائی سکول گوگجی گنڈ کی دو منزلہ عمارت ، فتح پورہ ڈاک بنگلو سے گدورا پل تک کی کشادہ اور اپ گریڈ شدہ سڑک اور پٹی واسکوڈا سے کھر باغ بند تک دریائے جہلم کے ساتھ سڑک شامل ہیں ۔ یہ کام 16.72 کروڑ روپے کی مجموعی لاگت سے مکمل ہوئے ہیں اور ان سے مقامی رابطے اور تعلیمی انفراسٹرکچر میں بہتری متوقع ہے ۔ دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے سرینگر رنگ روڈ پروجیکٹ کی پیش رفت کا جائیزہ لیا اور ڈاکٹر فاروق عبداللہ انوائیرنمنٹل پارک منیگام میں انجینئروں نے انہیں پاندچھ منیگام سیکشن کی جاری تعمیر و اپ گریڈیشن کے بارے میں بریفنگ دی ۔

وزیر اعلیٰ نے گاندر بل میں سندھ ریور فرنٹ اور میونسپل ٹاؤن ہال پر جاری کاموں کا بھی جائیزہ لیا ۔ ٹاؤن ہال کے اپ گریڈ اور توسیعی پروجیکٹ جو تین کروڑ روپے کی لاگت سئے منظور کیا گیا تھا ، کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ کاموں کو تیز کر کے جلد از جلد مکمل کریں تا کہ یہ سہولیات عوام کو جلد میسر ہو سکیں ۔ زازونا میں پھل و سبزی منڈی کے دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے جاری فصل کی کٹائی کے موسم میں انتظامات اور سرگرمیوں کا جائیزہ لیا اور کسانوں و ترقی پسند کاشتکاروں سے بات چیت کی ۔ کاشتکاروں نے انہیں اپنے کام اور باغبانی کے شعبے کو متاثر کرنے والے مسائل سے آگاہ کیا ۔
عمر عبداللہ نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائیز مطالبات کو مناسب حل کیلئے اٹھایا جائے گا ۔ دورے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر چودھری ، وزیر سکینہ ایتو اور جاوید ڈار ، وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، ڈپٹی کمشنر گاندر بل ، سینئر افسران ، محکموں کے سربراہان ، انجینئرز اور دیگر متعلقہ افسران بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔










