زینہ کوٹ گرڈ سٹیشن کی توسیع اور ٹرانسمیشن لائنوں کی اَپ گریڈیشن سے بجلی کی فراہمی مزید بہتر ہوگی
سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی صدارت میں منعقدہ وزرائے کونسل کی میٹنگ میں 67.66 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے زینہ کوٹ گرڈ سب سٹیشن کو 450ایم وِی اے سے بڑھا کر 780ایم وِی اے تک بڑھانے کی منظوری دی ہے۔کونسل نے25.47کروڑ روپے کی لاگت سے 132کے وی پانپور ۔راولپورہ اور راولپورہ۔بمنہ ٹرانسمیشن لائنوں کی اَپ گریڈیشن کو بھی منظوری دی۔یہ منظوری وزرائے کونسل کی چھٹی میٹنگ کے دوران دی گئی۔ان منصوبوں کا مقصد سری نگر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو نمایاں طور پر مضبوط بنانا ہے تاکہ ٹرانسمیشن کی صلاحیت کو بڑھا کر،بجلی کی رُکاوٹوں کو کم کر کے اور صارفین کو زیادہ قابلِ اعتماد اور مؤثر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائی جا سکے۔زینہ کوٹ گرڈ سب سٹیشن کی توسیع اور ٹرانسمیشن لائنوں کی اَپ گریڈیشن سے مجموعی گرڈ استحکام بہتر ہونے کی توقع ہے اور خطے میں بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے میں بالخصوص زیادہ لوڈ کے اوقات میںمدد گار ثابت ہوگی۔










