director school education Tasaduq hussain mir

والدین صرف ٹیوشن فیس ادا کرنے کے ذمہ دار :ناظم تعلیمات کشمیر

سری نگر//محکمہ اسکول ایجوکیشن کشمیر نے ہفتہ کو کہا کہ وادی کے تمام اسکولوں میں داخلہ کا عمل سالانہ امتحانات کے اختتام کے بعد ہی شروع ہوگا۔ساتھ ہی ناظم تعلیمات کشمیر نے یہ بھی واضح کیاکہ نجی اسکولوںمیں زیرتعلیم طلباء وطالبات کے والدین صرف ٹیوشن فیس ادا کرنے کے ذمہ دار ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر تصدق حسین میر نے یہاں ایک تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوںمیں فی الحال کوئی نئے داخلے نہیں ہوں گے کیونکہ ابھی سالانہ امتحانات نہیں ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی طرف سے ہدایات ہیں کہ نئے داخلے کا عمل امتحانات ختم ہونے کے بعد ہی شروع کیا جائے۔ناظم تعلیمات کشمیر تصدق حسین میر نے مزید کہا کہ جہاں تک داخلہ فیس کا تعلق ہے صرف وہی فیس وصول کی جائے گی جو فیس فکسیشن کمیٹی نے مقرر کی ہے۔موسم سرما کی فیس کے بارے میں، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر نے کہا کہ والدین صرف اپنے بچوں بچیوں(طلباء وطالبات)کا ٹیوشن فیس ادا کرنے کے ذمہ دار ہیں اور انہیں کوئی دوسری فیس ادا نہیں کرنی چاہیے، چاہے وہ ٹرانسپورٹ فیس ہو۔تصدق حسین میر نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے 15نومبر سے مرحلہ وار طریقے سے حرارتی نظام فراہم کرنا شروع کر دیا ہے۔