موسم 26نومبر تک مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ۔ محکمہ موسمیات
سرینگر/ // وادی میں جمادینے والی سردی کے بیچ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ وادی میں 26نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ صبح کے اوقات گہری دھند کے ساتھ مطلع ابرآلود رہے گا تاہم دوپہر تک مطلع صاف ہوگا اور ہلکی دھوپ بھی نکل آئے گی البتہ درجہ حرارت میں فی الحال اضافہ کاکوئی امکان نہیں ہے ۔ سٹارنیوز نیٹ ورک کے مطابق وادی کشمیر میں دن کے درجہ حرارت میں مسلسل کمی ہورہی ہے جبکہ شبانہ سردیاں بھی جاری ہے اس بیچ محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں 26 نومبر تک عام طور پر خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے جبکہ 18نومبر سے 26نومبر تک موسم خشک رہے گاالبتہ سردیوںسے فی الحال نجات کا کوئی امکان نہیں ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کے بعض علاقوں میں صبح اور شام کو گہری دھند ہونے کے ساتھ ساتھ دوپہر تک مطلع عام طور پر ابر آلود رہے گا اور بعد دوپہر ہلکی دھوپ کھل سکتی ہے تاہم نہ رات کی سردی اور ناہی دن میں سردی کی شدت کم ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ادھر سرینگر میں راج کا درجہ حرارت صفر اعشاریہ 6ڈگری سیلسیس ریکارڈکیا گیا ہے جبکہ پہلگام میں -3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ میں پارہ -1.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ کپواڑہ میں یہ -0.2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔قاضی گنڈ میں -0.1 ڈگری سینٹی گریڈ، بانہال میں 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ کیا گیا ہے ۔ادھر سخت سردیوں کی وجہ سے عام لوگوں کو خاص کر بچوں اور عمر رسیدہ افرادکو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ وادی کشمیر کے سکولوں میں پرائمری سطح تک کلاسوں کیلئے سرمائی تعطیلات کا اعلان کریں کیوں کہ سخت سردی کی وجہ سے چھوٹے بچے بیماریوں میں مبتلاء ہورہے ہیں۔










