درگاہ حضرت بل میں سب سے بڑی تقریب منعقد،متعدد مقامات پر جشن میلاد کے جلوس برآمد
سری نگر//دنیا کے مختلف حصوں کی طرح وادی کشمیر میں بھی جمعہ کے روز پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے منائے جانے والی میلادالنبی کی تقریب سعید نہایت ہی عقیدت واحترام اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی۔اس سلسلے میں درجنوں مقامات سے جلوس برآمد ہونے کے علاوہ سینکڑوں مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں میلاد النبی کی مناسبت سے خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔اس دوران آئمہ کرام کی جانب سے پیغمبر اسلام کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق پیغمبر آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ کا یوم ولادت باسعادت منگل کو پوری دنیا کے ساتھ ساتھ وادی بھر میں بھی بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا جس دوران جموں وکشمیر کے طول و عرض میں روح پرور مجالس کا اہتمام کیا گیاجس میں عاشقان رسول نے بارگاہ رسالت کے تئیں والہانہ عقیدت پیش کیا۔دماغوں کو روشن دلوں کو منور اور طبعیتوں کو محسور کرنے والی ان مجالس میں علماء اور ایماء مساجد و خطباء نے فلسفہ میلاد کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے عالم اسلام کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں اور اس دن کو پوری کائنات کیلئے نوید کا دن قرار دیتے ہوئے مقررین نے اسلام کو انسانیت کی بقا اور فلاح و بہبود کا مضمر قرار دیااور آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں نذ رانہ عقیدت کے پھول نچھاور کئے گئے۔ماہ ربیع الاول کی آمد کے سلسلے میں سرینگر اور وادی کے ہر چھوٹے بڑے، قصبے اور گاؤں کی گلیاں، کوچے، بازار عمارتوں،کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ ولادت با سعادت کے سلسلے وادی میں سب سے بڑی تقریب آثار شریف حضرت بل سرینگر میں منعقد ہوئی جہاں دوردراز علاقوں سے آئے ہوئے فرزندان توحید جن میں خواتین کی خاصی تعداد بھی شامل تھی صبح سے ہی درودو اذکار اور ختمات المعظمات میں محو رہنے کے علاوہ اللہ کے حضورسربسجود رہے اوراپنے حق میں مغفرت کی دعا ئیں مانگتے رہے اور یہاں ہزاروں فرزندان توحید بشمول مرد وزن نماززفجر،نماز ظہرعصر،مغرب اور نماز عشاء کے بعد دیدار موئے مقدس کا فیض حاصل کیا۔ نمائند ئے کے مطابق صبح سے ہی تقریب میں شرکت کیلئے وادی کے اطراف واکناف سے ہزاروں کی تعداد میں عاشقان رسول نے درگاہ حضرتبل کا رخ کیا۔نماز ظہر سے قبل ہی حضرتبل کا پورا علاقہ روح پرور اسلامی نعروں اور درودحضور سے گونج رہا تھا۔ اس موقعے پر خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی وہاں موجود تھی اور ان کے آنکھوں سے آنسو ٹپک رہے تھے جبکہ عقیدت مندوں کی آہ وزاری سے حضرت بل کی فضائیں گونجتی رہیں اور ہر طرف نالہ و زاری کی صدائیں بلند ہورہی تھیعقیدت مند زیارت کے دیواروں، وہاں موجودپیڑوں اور مکانوں کی چھتوں پر موئے شریف کی زیارت کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ اس دوران نماز عصر، نماز مغرب اور نماز عشاء کے موقعہ پر بھی دیدار موئے مقدس کا فیض حاصل کیااور اس طرح شام تک حضرتبل اور اسکے گرد ونواح میں عاشقان رسول کا اڑدھام نظر آرہا تھا۔درگاہ میں لاتعداد زائرین اور عاشقان رسول کو سہولیات بہم رکھنے کیلئے صوبائی وضلع انتظامیہ اور وقف بورڈ کے ساتھ ساتھ کئی سرکاری محکموں اور نجی اداروں و تنظیموں نے بھی خصوصی انتظامات کئے تھے.زائرین کے بھاری رش کے پیش نظر مختلف علاقوں سے یہاں پہنچنے والی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے نگین اور یونیورسٹی احاطہ میں انتظامات رکھے گئے تھے جبکہ نقب زنوں اور چوروں کی سرگرمیوں پر نظر گذر رکھنے اور علاقہ میں میلاد تقریب کے دوران صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے پولیس کی اضافی نفری جگہ جگہ تعینات کی گئی تھی اور سرینگر پولیس نے علاقہ میں خصوصی گشتی اسکارڈ بھی تعینات کئے تھے۔ محکمہ صحت کی طرف سے حضرتبل علاقہ میں خصوصی طبی کیمپ لگائے گئے تھے جبکہ بوقت ضرورت بیماروں کو اسپتال پہنچانے کیلئے کئی ایمبولنس گاڑیوں کو بھی یہاں رکھا گیا تھا جبکہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز نے بھی یہاں ہنگامی طور پر کئی گاڑیوں اور درجنوں ملازمین کو ہمہ وقت سریع الحرکت رکھا تھااور اس کے ساتھ ساتھ محکمہ پی ایچ ای کی طرف سے یہاں واٹر ٹینکر بھی جگہ جگہ تیار رکھے گئے تھے۔عید میلاد النبی کے حوالے سے منعقدہ تقریبات میں علماء اور ایماء مساجد و خطباء نے حضرت محمد مصطفیٰ کی ولادت باسعادت کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ شہر سرینگر میں جناب صاحب صورہ،شہری کلاشپورہ،سید صاحب سونہ وار کے ساتھ ساتھ بارہمولہ،پنجورہ شوپیان،کھرم سرہامہ،سیر ہمدان،کعبہ مرگ اور دیگر کئی مقامات پرواقع زیار ت گاہوں،آستانوں اور مساجد میں بھی روح پرور تقاریب کا اہتمام ہوا۔سرینگر شہر میں جناب صاحب صورہ، شہری کلاش پورہ کے علاوہ آستان عالیہ سید صاحب سونہ وار میں بھی عید میلاد النبی کی مناسبت سے خصوصی اور روح پرور اجتماعات کا انعقاد کیا گیا اور ان اجتماعات میں بھی ہزاروں فرزندان توحید نے شرکت کر کے نبی آخر الزماں کے تئیں اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔










