جموں میں بنیادی ڈھانچے کے کئی اہم کاموں پر پیشرفت کا معائینہ کیا
جموں//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر چودھری نے جموں میں نیو اسمبلی کمپلیکس اور دیگر اہم جاری بنیادی ڈھانچے کے کاموں کا معائنہ کیا ۔ معائنہ کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے نیو اسمبلی کمپلیکس کے کام کی تیز رفتار اور معیاری تکمیل اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور جموں میں عوامی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے پر زور دیا ۔ تعمیر کی رفتار اور معیار کا جائیزہ لیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اسمبلی کمپلیکس کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے مقررہ تاریخ اور اعلیٰ تعمیراتی معیارات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس اہم پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے مکہ چوک بٹھنڈی ( اپ سٹریم سائیڈ ) پر نالے پر جاری سلیب بچھانے کے کام کا بھی معائنہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد مقامی رابطوں کو بہتر بنانا اور علاقے کے رہائشیوں کیلئے محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے زمینی سطح پر ہونے والی پیش رفت کا جائیزہ لیا اور کام کو تیز کرتے ہوئے معیار کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ عوام کو کم سے کم تکلیف ہو ۔ ترقی پر حکومت کی توجہ کا اعادہ کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور عوامی ضروریات کو پورا کرنا اولین ترجیح ہے اور تمام عمل آوری ایجنسیوں کو موثر طریقے سے نتائج کی فراہمی کیلئے لگن اور جوابدہی کے ساتھ کام کرنا چاہئیے ۔ بعد ازاں نائب وزیر اعلیٰ نے چیف انجینئر آفس پی ڈبلیو ڈی جموں کے ساتھ ساتھ ڈپٹی لیبر کمشنر اور اسسٹنٹ لیبر کمشنر جموں کے دفاتر کا بھی اچانک معائنہ کیا ۔ کئی محکموں کے سینئر افسران بھی نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔










