کہا، حکومت عوامی فلاح و بہبود اور مضبوط ترقی کیلئے پُرعزم ہے
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے آج بس سٹینڈ جموں میں اہم سنگل سپین آر سی سی پل اور متعلقہ کاموں کا اِفتتاح کیا ۔ نائب وزیرا علیٰ جن کے ہمراہ مقامی ایم ایل اے یُدویر سیٹھی بھی تھے ، نے پُل کو جموں و کشمیر کے تمام علاقوں کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پُل جموں و کشمیر کے عوام کی نقل و حرکت اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات کو بہتر بنائے گا ۔ اُنہوں نے کہا کہ گز شتہ برس سیلاب کی زد میں آنے سے خراب ہوئے اس پُل کو ریکارڈ وقت میں دوبارہ تعمیر کیا گیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا، ’’ یہ پُل محض ایک ڈھانچہ نہیں بلکہ روزگار ، ٹرانسپورٹ اور جموں ، کشمیر اور چناب ویلی کے درمیان رابطے کی لائف لائن تھا ۔ ‘‘ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود اور جموں و کشمیر بھر میں جاری مضبوط ترقیاتی کاموں کے لئے پُرعزم ہے ۔ اُنہوں نے مقامی لوگوں ، ٹرانسپورٹ اور مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کے اراکین اور دیگر شراکت داروں سے خطاب کرتے ہوئے انفراسٹرکچر کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کی وابستگی پر زور دیا جس کی ایک مثال بس سٹینڈ جموں میں اس اہم پُل کی کامیاب تعمیر نو اور اِفتتاح ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے شراکت داروںکو یقین دِلایا کہ ان کے دیگر مسائل جیسے پارکنگ کے مسائل ، ٹریفک ریگولیشن اور بس سٹینڈ پر درپیش آپریشنل چیلنجوںکو بھی فوری طور پر حل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے چیلنجوںکے باوجود عوامی مشکلات کو کم کرنے اور اپنے وعدوں کو پورا کرنے کو ترجیح دی ہے ۔ اس موقعہ پر ایم ایل اے یُدویر سیٹھی اورشراکت داروں کے اراکین نے بھی خطاب کیا اور نائب وزیر اعلیٰ اور متعلقہ محکموں کا وقت کی پابندی کے ساتھ منصوبے کی تکمیل کے لئے شکریہ ادا کیا ۔ چیف اِنجینئر پی ڈبلیو ڈی اور متعلقہ محکموں کے دیگر سینئر افسران بھی اِس موقعہ پر موجود تھے ۔










