چینی کمپنی سری لنکا میں 40 کروڑ ڈالر کے پروجیکٹ سے دستبردار

چینی کمپنی سری لنکا میں 40 کروڑ ڈالر کے پروجیکٹ سے دستبردار

بیجنگ/ایجنسیز//چین کی سرکاری کمپنی نے سری لنکا کی مرکزی بندرگاہ پر ایک بڑے لاجسٹکس مرکز کی تعمیر کے لیے 39 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے مشترکہ منصوبہ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ منصوبہ میں شامل سری لنکن شراکت دار نے پیر کو اس کی تصدیق کی، تاہم کہا کہ منصوبہ پر کام جاری رہے گا۔ سری لنکا پورٹس اتھاریٹی (ایس ایل پی اے) کے مطابق، چائنا مرچنٹس پورٹ ہولڈنگز نے 2023 میں اعلان کردہ مشترکہ منصوبہ پر مزید پیش رفت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ادارے نے ایک بیان میں کہا، موجودہ بیرونی حالات، تجارتی عوامل اور متعلقہ حصص داروں کے مفادات کا جائزہ لینے کے بعد مجوزہ مشترکہ منصوبہ کو آگے نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ منصوبہ کے تحت چینی کمپنی کے پاس مشترکہ منصوبہ کے 70 فیصد حصص ہونا تھے، جبکہ سری لنکا پورٹس اتھاریٹی اور سری لنکا کی ایک نجی تعمیراتی کمپنی کو 15، 15 فیصد حصص ملنے تھے۔ سری لنکا پورٹس اتھاریٹی نے بتایا کہ اب وہ کولمبو بندرگاہ پر ڈیڑھ لاکھ مربع میٹر رقبے پر مشتمل لاجسٹکس مرکز کی تعمیر کیلئے نئے سرمایہ کار کی تلاش کر رہی ہے۔ چین پہلے ہی اس بندرگاہ پر دیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری کر چکا ہے۔ اپریل 2023 میں طے پانے والی چائنا مرچنٹس کی سرمایہ کاری سری لنکا کی معیشت کے اپریل 2022 میں بحران کا شکار ہونے کے بعد اعلان کردہ پہلی بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری تھی۔ کولمبو بندرگاہ پر چائنا مرچنٹس پہلے ہی 50 کروڑ ڈالر کی لاگت سے تعمیر کیے گئے گہرے پانی کے کنٹینر ٹرمینل کو چلا رہی ہے۔ کمپنی سری لنکا کے جنوبی ساحل پر واقع ہمبنٹوٹا کی گہرے پانی کی بندرگاہ کے انتظامات بھی سنبھالے ہوئے ہے۔