میڈیا بیک ٹو وِلیج پروگرام کی جامع کوریج کیلئے مربوط انداز اپنائے۔ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر

بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سیّد سحرش اصغر نے ضلع میں کل سے شروع ہونے والے بیک ٹو وِلیج پروگرام کے چوتھے مرحلے کے سلسلے میں آج یہاں ڈاک بنگلہ میں ضلع کے میڈیا اَفراد کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے میڈیا اَفراد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا عوام کو شفاف اور جواب دہ طرزِ حکمرانی کی فراہمی کے لئے جمہوریت کا ایک اہم ستون ہے اور اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ معاشرے کی ترقی اور بہبود کو فروغ دینے میں براہِ راست یا بلا واسطہ کام کرنے والے لوگوں کے ساتھ ہم آہنگی کے لئے ہمیشہ موجود رہے گی۔ اُنہوں نے میڈیا اَفراد سے کہا کہ وہ عوام کے مسائل کو اُجاگر کرتے ہوئے عوام اور حکومت کے درمیان پُل کا کام کریں تاکہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے تیزی سے بالخصوص آنے والے بیک ٹو وِلیج پروگرام میں کام کرسکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے میڈیا اَفراد پر زور دیا کہ وہ بیک ٹو وِلیج پروگرام میں لوگوں میں بیداری پھیلانے کے لئے مزید جوش و جذبے کے ساتھ کام کریں جس کا مقصد لوگوں کے مسائل او رشکایات کو ان کی دہلیز پر سننا ہے۔اُنہوں نے میڈیا اَفراد سے مزید کہا کہ وہ بیک ٹو وِلیج پروگرام کی جامع کوریج کے لئے مربوط اَنداز اَپنائے۔دریں اَثناء،ڈسٹرکٹ اِنفارمیشن آفیسر جہانگیر آخون نے چیئر کو بتایا کہ بیک تو وِلیج پروگرام کو میڈیا کے مختلف پلیٹ فارموں پر نمایاں کوریج دی جائے گی۔ اُنہوں نے چیئر کو مزید بریفنگ دی کہ بیک ٹو وِلیج کا چوتھا مرحلہ کو اُجاگر کرنے کے لئے جامع کوریج کے لئے ایک ایکشن پلان پہلے ہی وضع کیا جاچکا ہے۔