موٹرسائیکل میں سائلنسر تبدیل کرنے والے خبردار

بارہمولہ پولیس کی ویڈیوفوٹیج پر کارروائی،لوگوں کوڈرانے والا نوجوان گرفتار، موٹر سائیکل بھی ضبط

بارہمولہ //بارہمولہ میں لڑکیوں کو ڈرانے والے سائلنسر کا استعمال کرنے پر بائیکرکو گرفتارکیا۔جے کے این ایس کے مطابق بارہمولہ پولیس نے قصبے میں لوگوں بالخصوص لڑکیوں کو خوفزدہ کرنے کیلئے اپنے موٹرسائیکل میں تبدیل شدہ سائلنسر کا استعمال کرنے پر ایک بائیکر کو حراست میں لے لیا۔اس سے قبل، چند بائیک سواروں کا ویڈیو وائرل ہوا تھا جس میں بارہمولہ قصبے میں ایک بائیکر لڑکیوں کے ایک گروپ کو ان کے قریب ہارن بجاتے ہوئے ڈراتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔بارہمولہ پولیس نے بتایا کہ موٹر سائیکل سواروں کی حرکات کی ویڈیو کے حوالے سے، پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا جو سڑک کے کنارے لوگوں بالخصوص لڑکیوں کو ڈرانے کے لئے اپنے موٹرسائیکل میں تبدیل شدہ سائلنسر کا استعمال کر رہا تھا۔بارہمولہ پولیس نے ملزم کی شناخت عامر بشیر گوجری ولد بشیر احمد ساکن خواجہ باغ بارہمولہ کے طور پر کی ہے۔پولیس نے بتایا کہ ملزم کے خلاف قانون کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور موٹر سائیکل بھی ضبط کر لی گئی ہے۔