این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 80 لاکھ روپے مالیت کی جائیدادیں ضبط
سرینگر// یو این ایس//منشیات کے خلاف جاری ’’نشہ مْکت جموں و کشمیر ابھیان‘‘ کے تحت پولیس نے جمعرات کو وسطی کشمیر کے چڈورہ علاقے میں مبینہ منشیات فروشوں کی تقریباً 80 لاکھ روپے مالیت کی جائیدادیں ضبط کر لیں۔ پولیس نے اس کارروائی کو منشیات کے نیٹ ورک کے خلاف سخت مہم کا حصہ قرار دیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق چترو ڈانگرپورہ چاڈورہ کے رہائشی غلام نبی وانی ولد غلام محمد وانی کے ایک منزلہ رہائشی مکان کو، جس کی مالیت تقریباً 30 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے، این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/20/29 کے تحت درج ایف آئی آر نمبر 181/2025 کے سلسلے میں ضبط کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس کیس کی تحقیقات کے دوران مذکورہ مقام سے 300 کلوگرام سے زائد پوست بھوسہ (فْکّی) برآمد کیا گیا تھا۔ مزید تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ جائیداد مبینہ طور پر منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل شدہ آمدنی سے تعمیر کی گئی تھی اور اسے منشیات ذخیرہ کرنے، تیار کرنے اور سپلائی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔یو این ایس کے مطابق ایک اور کارروائی میں حسّی پورہ چڈورہ کے رہائشی محمد ہاشم رینہ ولد عبدالصمد کے دو منزلہ رہائشی مکان کو بھی ضبط کیا گیا، جس کی مالیت تقریباً 50 سے 55 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ یہ کارروائی پولیس اسٹیشن چڈورہ میں درج ایف آئی آر نمبر 35/2026 کے تحت عمل میں لائی گئی۔پولیس حکام کے مطابق گزشتہ ماہ کاسر مْلہ گاؤں میں واقع ایک بینڈ سا مل سے 9 کلوگرام سے زائد چرس نما مادہ برآمد کیا گیا تھا، جس کے بعد تحقیقات کے دوران مذکورہ جائیداد کو بھی منشیات کے کاروبار سے جوڑا گیا۔پولیس نے کہا کہ این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت یہ کارروائیاں منشیات فروشوں کے مالی وسائل اور غیر قانونی اثاثوں کو نشانہ بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہیں تاکہ معاشرے میں منشیات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ منشیات فروشوں اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف مستقبل میں بھی سخت قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی اور معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔










