کولگام میں5اسمگلرPIT-NDPS ایکٹ کے تحت گرفتار:پولیس
کولگام،گاندربل//جموں وکشمیرپولیس کامنشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈائون جاری رکھتے ہوئے کولگام میں 5منشیات فروشوں پر پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ لاگوکرکے اُن کوحراست میں لیکرمختلف جیلوںمیں منتقل کردیا۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس نے بتایاکہ منشیات کی فروخت اور اس کی افزائش کرنے والوں کے خلاف اپنی مسلسل کارروائی اورمعاشرے سے منشیات کی لعنت کو مکمل طور پر ختم کرنے کیلئے5عادی مجرموں اور بدنام زمانہ منشیات فروشوںکو پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت گرفتار کیاگیا،جن میں گلزار احمد شیخ ولد اسد اللہ شیخ ساکنہ احمد آباد ڈی ایچ پورہ، طارق احمد لون ولد محمد رمضان لون ساکنہ تنگدونو یاری پورہ، سجاد احمد بھگت ولد غلام حسن ساکنہ کوکر گنڈ، یاری پورہ، اور برکت اللہ میر ولد محمد عبداللہ میر ساکنہ بچرو کولگام اور اعجاز احمد گنائی ولد مرحوم غلام احمد گنائی ساکنہ گڈیہامہ کولگام شامل ہے ۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان جو منشیات کی فروخت میں ملوث ہیں، کو ڈویڑنل کمشنر کشمیر کے جاری کردہ احکامات کے تحت منشیات کی غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام اور نفسیاتی اشیاء ایکٹ کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔ ان میں سے تین منشیات فروش گلزار احمد شیخ، طارق احمد لون اور سجاد احمد بھگت کو ڈسٹرکٹ جیل بھدرواہ منتقل کیا گیاجبکہ باقی2یعنی برکت اللہ میر اور اعجاز احمد گنائی کو ڈسٹرکٹ جیل راجوری منتقل کر کے وہاں بند کر دیا گیا ہے تاکہ انہیں منشیات اور سائیکو ٹراپک مادوں کی غیر قانونی ٹریفک میں دوبارہ ری سائیکلنگ سے روکا جا سکے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ1998 کے سیکشن 3 کے دفعات کے تحت، منشیات اور نفسیاتی مادوں کی غیر قانونی اسمگلنگ میں ملوث شخص، جو کسی شخص اور معاشرے کی صحت کے لیے سنگین خطرہ بنتا ہے، اسے زیادہ سے زیادہ مدت تک یعنی ایک سال حراست میں لیا جا سکتا ہے اور اس کوبڑھایا جا سکتا ہے۔ کولگام پولیس منشیات کی لعنت کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور اس نے نوجوانوں کو اس مہلک لت سے بچانے کیلئے سماجی برائیوں خصوصاً منشیات کے استعمال کو ختم کرنے کیلئے لوگوں سے تعاون کی کوشش کی جو کہ قوم کا مستقبل ہیں۔اس دوران ضلع گاندربل میںشادی پورہ پولیس چوکی نے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے کہاکہ سماج سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے گاندربل پولیس نے ایک اور بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کرلیا۔ گشت کے دوران، ڈی او پی پی شادی پورہ کی قیادت میں ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر کی نگرانی میں پولیس پارٹی نے وکورا میں ایک شخص کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے ممنوعہ مادہ برآمد کیا۔اس کی ذاتی تلاشی کے دوران 11 کلو بھنگ پاؤڈر (بھنگ) برآمد کر کے موقع سے ضبط کر لیا گیا۔ مزید پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اپنی شناخت نذیر احمد راتھر عرف کنور ولدغلام محی الدین راتھر ساکنہگنائی محلہ وکورہ گاندربل کے طور پر بتائی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مذکورہ ملزم کے خلاف اس سے قبل3 این ڈی پی ایس، 2 پی ایس گاندربل اورایک پی ایس کھیرباوانی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔اس سلسلے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ ایف آئی آر نمبر 316/2022پولیس تھانہ گاندربل میں درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ۔










