ممبئی ویمنز ٹی۔۲۰لیگ:حمیرہ قاضی، صائمہ ٹھاکور اور سائلی ’آئیکون پلیئر‘ قرار

ممبئی ویمنز ٹی۔۲۰لیگ:حمیرہ قاضی، صائمہ ٹھاکور اور سائلی ’آئیکون پلیئر‘ قرار

ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن (ایم سی اے) نے پہلی ٹی۔ ۲۰؍ممبئی ویمنز لیگ کےلئے سائلی ستگھرے، صائمہ ٹھاکور اور حمیرا قاضی کو ’آئیکون پلیئرز‘ کے طور پر نامزد کیا ہے۔ یہ قدم اس لیگ کے پہلے سیزن کو منظم کرنے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔
سائلی ’سوبو ممبئی فالکنز‘ کی نمائندگی کریں گی جبکہ صائمہ اور حمیرہ بالترتیب ’تھانے اسکائی رائزر‘ اور’ آکاش ٹائیگرز‘ کی ٹیموں کا حصہ ہوں گی۔ سائلی اور صائمہ دونوں ہندوستانی قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکی ہیں اور اپنا بین الاقوامی تجربہ اس لیگ میں لائیں گی جبکہ حمیرہ قاضی مقامی کرکٹ میں مسلسل بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور انہیں انڈیا ’اے‘ ٹیم کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ بھی حاصل ہے۔
ایم سی اے کے صدر اجنکیا نائیک نے کہا’’آئیکون کھلاڑیوں کا انتخاب پہلی ٹی۔ ۲۰؍ ممبئی ویمن۔ لیگ کے لئے ایک مضبوط بنیاد رکھتا ہے۔ اس لیگ کا مقصد ایک ایسا طویل مدتی پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جو ٹیلنٹ کو نکھارے اور ہندوستان میں خواتین کی کرکٹ کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے۔ یہ کھلاڑی اپنے ساتھ اعلیٰ معیار، تجربہ اور قیادت کی صلاحیتیں لاتی ہیں، جس سے مقابلے کا معیار بلند ہوگا اور شہر کے نوجوان کھلاڑیوں کو ترغیب ملے گی۔ ‘‘
لیگ گورننگ کونسل کے چیئرمین راج دیپ گپتا نے مزید کہا کہ یہ آئیکن کھلاڑی ٹیموں کی شناخت بنانے اور ایک مسابقتی ماحول تیار کرنے میں مرکزی کردار ادا کریں گی۔
ٹی۔ ۲۰؍ممبئی لیگ اور ٹی۔ ۲۰؍ممبئی ویمنز لیگ دونوں کے لئے کھلاڑیوں کی نیلامی سنیچر (۲؍مئی) کو ہوگی، جسے جیو ہاٹ اسٹار پر صبح ۹؍ بجے سے براہِ راست نشر کیا جائے گا۔ اس نیلامی کے لئے کل ۲؍ ہزار۴۱۱؍کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کرایا ہے، جن میں ۲؍ہزار۴۸؍ مرد اور ۳۶۳؍ خواتین کھلاڑی شامل ہیں۔ خواتین کی ٹیموں میں ۱۶؍ سے ۱۸؍ کھلاڑی ہوں گے جبکہ مردوں کی ٹیموں میں ۱۸؍ سے ۲۰؍ کھلاڑی شامل کئے جائیں گے۔