مشیرراجیو رائے بھٹناگر نے پنچایت چک سالاریاں سانبہ کا دورہ کیا

سانبہ//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے رام گڈھ بلاک کی پنچایت چک سالاریاںکا دورہ کیا تاکہ فلیگ شپ ’بیک ٹو وِلیج کے پانچویں ‘مرحلے پروگرام کے دوسرے مرحلے کا اِفتتاح کیا جا سکے۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ ابھیشیک شرما، ایس ایس پی سانبہ بینم توش، اے ڈی ڈی سی سانبہ راجندر سنگھ؛ سرپنچ، پنچایت چک سالاریاں وِجے چودھری، تمام ضلعی اور سیکٹورل افسران موجود تھے۔مشیر موصوف نے دورے کے دوران پی ڈبلیو ڈی، محکمہ زراعت، سماجی بہبود، دیہی ترقی، جل شکتی اوردیگر محکموں کی جانب سے مختلف سکیموں اور عوامی اہمیت کے منصوبوں کی عمل آوری میں کی گئی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوں نے گذشتہ بیک ٹو وِلیج دوروں پر کی گئی کارروائی کا بھی جائزہ لیا اور مقامی لوگوں کی طرف سے اُٹھائے گئے مسائل جیسے سڑکو ں کی اَپ گریڈیشن ، سڑکوں کے بہتر بنیادی ڈھانچے ، پنشن معاملات کی منظوری سمیت دیگر اَمور کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے خطاب کرتے ہوئے منشیات کی لت کے مسئلے اور ضلع کو منشیات سے پاک بنانے کے لئے اِجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے منشیات کی لت کے مضر اثرات پر تبادلہ خیال کیا اور اس مسئلے کو تسلیم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے منشیات فروشوں کی نشاندہی اور ان سے سختی سے نمٹنے میں مقامی لوگوں کے تعاون پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے لوگوں سے جامع زرعی ترقیاتی پلان( ایچ اے ڈی پی ) جیسے پروگراموں سے فائدہ اٹھانے کی بھی اپیل کی اور اُنہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے رام گڈھ جیسے سرحدی علاقوں کے لوگوں کی زندگی پر مثبت اثر پڑا ہے۔ مزید برآں،اُنہوں نے مقامی لوگوں کو آن لائن خدمات اور پی ایس جی اے سے اِستفادہ کرنے کی ترغیب دی۔ اِس موقعہ پر مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے اِس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ حکومت کا بنیادی ہدف’’ زیرو کورپشن اور زیادہ سے زیادہ ترقی ‘‘ ہے ۔اُنہوں نے تقریب کے دوران اہل استفادہ کنندگان میں سر ٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے اور محکمہ جاتی سٹال، امرت سروور کا معائینہ کیا اور پی آر آئی نمائندوں اور مقامی لوگوں سے بھی اِستفساری گفتگو کی۔سرپنچ پنچایت چک سالاریاں وجے چودھری نے استقبالیہ خطاب کے دوران پنچایتوں کو بااِختیار بنانے، امرت سروور بنانے، بجلی منظر نامے کو بہتر بنانے اور دیگر ترقیاتی کاموں کے لئے حکومت کی ستائش کی۔