کپواڑہ// مرکزی وزیر مملکت قانون و اِنصاف پروفیسر ایس پی سنگھ بگھیل نے ضلع کپواڑہ میں آج مختلف ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا اور پیش رفت کی رفتار کا جائزہ لیا۔مرکزی وزیر مملکت نے گلگام تنگواری میں 799.60 لاکھ روپے کی لاگت سے بننے والی واٹر سپلائی سکیم ( ڈبلیو ایس ایس ) کا سنگ بنیاد رکھا ۔ مرکزی وزیر مملکت موصوف کو جانکاری دی گئی کہ ڈبلیو ایس ایس 2023-24ء کے اَندر مکمل ہوجائے گا او رعلاقے کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بن جائے گی ۔اِس سکیم کو ’’ ہر گھر نل سے جل‘‘ پروگرام کے تحت منظور کیا گیا تھا۔پروفیسر ایس پی سنگھ بگھیل نے گگلوسہ ترہگام میں نیو ٹائپ پرائمری ہیلتھ سینٹر ( این ٹی پی ایچ سی ) کا اِفتتاح کیا ۔ یہ عمارت 187.50لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہوئی ۔اِس موقعہ پر وزیر مملکت نے یقین دِلایا کہ وہ ہسپتال کی مزید بہتری کے لئے پی ایچ سی کے لئے اِضافی فنڈنگ کا معاملہ لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ اُٹھائیں گے۔مرکزی وزیر مملکت موصوف نے کنی ڈوگرسر میں امرت سروور کا بھی دورہ کیا ۔اُنہوں نے کہاکہ سر کی تعمیر 14ویں ایف سی اور منریگا کے کنورجنس پروگرام کے تحت 9لاکھ روپے کی لاگت سے کی گئی تھی ۔اُنہوں نے میڈیا اَفراد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت جموںوکشمیر کی ترقی کے لئے فنڈس کی مکمل فراہمی کر رہی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ کشمیر میں رواں برس کے دوران سیاحوں کی سب سے زیادہ آمد دیکھنے میں آئی جو جموںوکشمیر میں ترقی اور اَمن کی علامت ہے ۔اِس موقعہ پر چیئر مین ضلع ترقیاتی کونسل عرفان سلطان پنڈت پوری ، متعلقہ بی ڈی سی چیئرپرسن ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کپواڑہ ، اے سی ڈی ، سی ایم او ، متعلقہ اَفسرا ناور لوگ موجود تھے۔










