پلوامہ//مرکزی وزیر مملکت سٹیٹسکٹس ، پروگرام امپلی منٹیشن اور امورِ کارپوریٹ و پلاننگ رائوشری اندر جیت سنگھ نے مرکزی حکومت کے عوامی رسائی پرگرام کے تحت آج پلوامہ کا دورہ کیا ۔اُنہوں نے ضلعی ترقیاتی منظر نامے اور مرکزی معاونت والی سکیموں کی عمل آوری کی صورتحال کا جائزہ لیا۔اَپنے دورے کے دوران مرکز ی وزیر مملکت موصوف نے سرکٹ ہائوس میں اَفسران کی میٹنگ کی صدارت کی اور حکومت کی مختلف سکیموں اور پروگراموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔وزیرمملکت موصوف نے منریگا ، پی ایم اے وائی ،۔ این آر ایل ایم، این ایچ ایم، آیوشمان بھارت جے ایس وائی ، جے ایس ایس وائی ، پی ایم جی ایس وائی ، جے جے ایم، آئی سی ڈی ایس ، پی ایم اے وائی ۔ یو اور دیگر مختلف سکیموں کے تحت عمل آوری اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے محکمہ پلاننگ ، ایجوکیشن اور دیگر محکموں اور شعبوں کا محکمانہ جائزہ بھی لیا۔مرکزی وزیر مملکت کو مجموعی ترقیاتی منصوبوں اور ان پر عمل آوری ایجنسیوں کی طرف سے ہونے والی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔اَفسران نے وزیر مملکت کو مطلع کیا کہ تمام منصوبے مقررہ وقت کے اَندر مکمل ہوجائیں گے۔ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری نے پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے مختلف سکیموں کے تحت ضلعی اِنتظامیہ کی حصولیابیوں ، خصوصی اقدامات اور بہترین طریقوں پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے چیئر کو یہ بھی جانکاری دی کہ اِس برس مختلف کھیلوں میںزائد اَز 3لاکھ نوجوانوں کی شرکت متوقع ہے ۔اُنہوں نے وزیر مملکت موصوف کو یہ بھی بتایا کہ ضلع نے زمینی ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل بھی مکمل کیا ہے اور ضلع نے تقریباً 270 اَمرت سروور تیار کئے ہیں جبکہ ضلع میں 200 سے زیادہ کھیل میدان تیار کئے گئے ہیں۔وزیر مملکت نے مختلف فلیگ شپ سکیموں جیسے پی ایم اے وائی ، منریگا ، این آر ایل ایم کے اِستفادہ کنند گان سے بھی بات چیت کی اور ایس ایچ جی ممبران سے بھی استفساری گفتگو کی۔مرکزی وزیر مملکت موصوف نے مختلف وفود اور مختلف سکیموں سے اِستفادہ کرنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میںحکومت پسماندہ اور غریب لوگوں کی بہتری اور ترقی کے لئے مسلسل کام کر رہی ہے اور لوگ اَب حکومت کی سکیموں سے براہِ راست مستفید ہو رہے ہیں۔فروٹ گروئورس کی انجمن پلوامہ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران وزیر مملکت کو فروٹ گروئورس کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا۔ کاشت کاروں نے یہاں پلوامہ میں ایک سی اے سٹور ، پتوں کے تجزیہ کی سہولیت ، مٹی کی جانچ کی لیبارٹری اور اس کے علاوہ سیب کے پھلوں کی ملک کی باقی حصوں میں آسانی سے ٹرانسپورٹیشن کا مطالبہ کیا۔ مرکزی وزیر مملکت موصوف نے وفد کو یقین دِلایا کہ وہ متعلقہ اَفراد کے ساتھ مسائل اُٹھائیں گے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ وہ تمام شکایات کا ازالے میں ذاتی دِلچسپی لیں گے ۔ نوجوانوں کے ایک وفد نے بھی وزیر مملکت سے ملاقات کی جس نے ضلع میں سپورٹس اکیڈیمی اور جدید کھیل بنیادی ڈھانچے کا مطالبہ کیا۔ اِس کے علاوہ ایس ایچ جیز کے ایک وفد نے بھی وزیر مملکت موصوف سے ملاقات کی اور سیلف ہیلپ گروپس کو بااِختیار بنانے سے متعلقہ مختلف مطالبات وزیر موصوف کو گوش گزار کئے۔اِس کے علاوہ متعدد یوتھ آئیکنز نے بھی وزیر مملکت سے ملاقی ہوئے جنہوں نے اَپنی ہنر اور فن کی داستانیں مرکزی وزیر مملکت کے ساتھ شیئر کیں ۔اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ، ایس ایس پی پلوامہ ، اے ڈی ڈی سی پلوامہ ، اے سی آر پلوامہ اور دیگر اَفسران موجود تھے۔










