سانبہ//مرکزی وزیر مملکت پورٹس ، شپنگ اور واٹر ویز شانتنو ٹھاکر نے مرکزی حکومت کے عوامی رابطہ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر ضلع سانبہ میں تین روزہ دورے کے آخری مرحلے میں آج یہاں کانفرنس ہال ڈی سی آفس سانبہ میں مختلف وفود کے ساتھ ایک طویل اِستفساری میٹنگ منعقد کی ۔ضلع ترقیاتی کونسل کے اراکین ، بلاک ڈیولپمنٹ کونسل کے اراکین ، لیڈی سرپنچوں ، صنعتی انجمنوں ، نوجوانوں اور کسانوں کے وفود نے مرکزی وزیر مملکت کے سامنے مطالبات کا ایک میمورنڈم پیش کیا۔دوران پروگرام چیئر مین ضلع ترقیاتی کونسل کیشودت شرما، وائس چیئرمین ڈی ڈی سی بلوان سنگھ، ڈپٹی کمشنر محترمہ انورادھا ، ٹرانسپورٹ کمشنر راہل شرما، ایس ایس پی ابھیشیک مہاجن کے علاوہ دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔مرکزی وزیر مملکت نے اُٹھائے گئے مطالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ سازی میں سماج کے مختلف طبقوں کی شرکت جمہوریت کی ہمہ گیر ترقی اور مضبوطی کے لئے اہم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اختیارات کی منتقلی اور بنیادی سطح پر فیصلہ سازی کے عمل سے جموںوکشمیر میں اَربن لوکل باڈیز اور پنچایتی راج اِدارے مضبوط ہوئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ سرحدی ضلع سانبہ میں ایمز کی تعمیر ، بارڈر بٹالینوں کی بھرتی ، سڑکوں کے نیٹ ورک کی بڑے پیمانے پر ترقی ، جل جیون مشن کے تحت وسیع کوریج اور دیگر شعبوں سمیت بے مثال تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔مرکزی وزیر مملکت نے جموں صوبہ میں ڈسٹرکٹ گڈ گورننس اِنڈکس میں ٹاپ رینک حاصل کرنے کے علاوہ سماجی تحفظی سکیموں کی صدفیصد اہداف ، مستفیدین کی صد فیصد آدھار سیڈنگ سمیت مختلف مرکزی معاونت والی سکیموں کی عمل آوری کے لئے ضلع اِنتظامیہ سانبہ کی سراہنا کی۔اُنہوں نے عوامی رابطہ پروگرام کے دوران کہا کہ مرکزی حکومت کے ساتھ مل کر اِنتظامی حکام لوگوں کی روزی روٹی کو بہتر بنانے کے لئے بہتر بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کر رہے ہیں اور خود روزگار اور اَنٹرپرینیور شپ کے متعدد مواقع بھی پیدا کر رہے ہیں جس میں پالیسیوں ی عمل آوری کے ساتھ وسیع پیمانے پر اِضافہ ہوا ہے۔مرکز ی وزیرمملکت نے وفود کو یقین دِلایا کہ اُٹھائے گئے مطالبات کو مناسب سطح پر اُٹھایا جائے گا اور مسائل کے حل کو بھی تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔










