جموں// متعدد عوامی اور تجارتی وفود نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ملاقات کی اورترقیاتی اور صنعت سے متعلق مختلف مسائل پیش کرتے ہوئے مسلسل پالیسی تعاون اور سہولیت کی درخواست کی۔صدرجموں چیمبر آف کامرس اینڈ اِنڈسٹری ارون گپتا کی قیادت میں ایک وفد نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ تجارت اور کاروبار سے متعلق اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کرنے والے معاملات کی نشاندہی کرتے ہوئے اِقتصادی ترقی کو مزید فروغ دینے اور نظام کو ہموار بنانے کے لئے سازگار ماحول کی ضرورت پر زور دیا۔صنعتی وفد نے دربار مؤو کو بحال کرنے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ اَدا کیا اور کہا کہ اس اقدام سے خطے میں بالخصوص مارکیٹوں، کرایہ کی جائیدادوں، ہوٹلوں اور ٹرانسپورٹ شعبے میں اِقتصادی سرگرمیوں کو نمایاں فروغ ملا ہے ۔ایک اور وفد پیر پنجال ویلفیئر اینڈ ڈیولپمنٹ ٹرسٹ جس کی قیادت وویک ورما کر رہے تھے، نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔ اِس وفد نے خطے کے لوگوں کی توقعات کی عکاسی کرتے ہوئے متعدد ترقیاتی ترجیحات پیش کیں۔وفد کے اراکین نے پیر پنجال خطے میں سیاحت کی بے پناہ صلاحیت کو اُجاگر کرتے ہوئے اسے دیرپا طریقے سے بروئے کار لانے کے لئے مربوط کوششوں پر زور دیا۔اُنہوں نے صحت اور تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، پینے کے صاف پانی کی یقینی فراہمی اوربالخصوص سرحدی علاقوں میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع بڑھانے کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔ کمیونٹی اور اِنفرادی بنکروں کی تعمیر اور ان علاقوں میں اِنتظامی ڈھانچے کو مزیدمضبوط بنانے سے متعلق مسائل کو بھی سامنے لایا گیا۔وزیر اعلیٰ نے تمام وفود اور اَفراد کو بغور سُنا اور انہیں یقین دِلایا کہ ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے تمام علاقوں میں جامع ترقی اور جوابدہ حکمرانی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔










