لیفٹیننٹ گورنر نے ڈِسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشنز سینٹر اور شری امرناتھ جی یاترا کنٹرول روم کا اِفتتاح کیا

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے جمعہ کے روز ڈِپٹی کمشنر آفس گاندربل میں ڈِسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشنز سینٹر اور شری امرناتھ جی یاترا کنٹرول روم کا اِفتتاح کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ سہولیات آنے والی شری امرناتھ جی یاترا کے لئے ایک آسان، محفوظ اور بہتر سفری تجربہ فراہم کرنے کو یقینی بنائیں گی۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل جِتن کشور نے لیفٹیننٹ گورنر کو اس نئی سہولیت کی اہم خصوصیات کے بارے میں آگاہ کیا۔یہ سینٹر ضلع اِنتظامیہ، پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کی جانب سے گاندربل ضلع بھر میں نصب سی سی ٹی وی فیڈز کو اکٹھا کرتا ہے تاکہ ایک ہی مرکزی مقام پر حقیقی وقت میں نگرانی کی جا سکے۔اس سہولیت کو فوری مدد اور بحران میں کمی کے لئے چوبیس گھنٹے ایمرجنسی سٹیزن ہیلپ لائن کی مدد حاصل ہے۔ایک محفوظ اور بغیر کسی رکاوٹ کے یاترا کو یقینی بنانے کے لئے ایمرجنسی آپریشن سینٹر بال تل بیس کیمپ سے سی سی ٹی وی فیڈز، بال تل بیس کیمپ تک جانے والی سڑکوں، بال تل بیس کیمپ میں پارکنگ ائیریاز، سونہ مرگ اور منیگام ٹرانزٹ کیمپ کو بھی مربوط کرتا ہے۔یہ سینٹرسالانہ شری امرناتھ جی یاترا کے دوران منصوبہ بندی اور بروقت فیصلہ سازی میں اہم کردار ادا کرے گا۔