لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر پولیس کو ’’ جشن ڈل2026‘‘ کے کامیاب اِنعقاد پر مُبارک باد دِی

لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر پولیس کو ’’ جشن ڈل2026‘‘ کے کامیاب اِنعقاد پر مُبارک باد دِی

نوجوانوں سے بڑے خواب دیکھنے اور منشیات سے پاک معاشرہ تعمیر کرنے پر زور دِیا

سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے جموں و کشمیر پولیس کو ’’جشن ڈل 2026 ‘‘کے کامیاب اِنعقاد پر مُبارک باد پیش کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے پیغام میں کہا کہ کھیل اِنسانی صلاحیت، اِستقامت اور اِجتماعی اُمنگوں کا جشن ہے۔ اُنہوں نے کھلاڑیوں کے جوش و خروش اور جموں و کشمیر پولیس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھیل نہ صرف چمپئن پیدا کرتے ہیں بلکہ نوجوانوں میں عزمِ مصمم، صبر اور حوصلہ بھی پیدا کرتے ہیں۔اُنہوں نے ’ جشن ڈل‘ کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ اَب محض ایک سالانہ مقابلے سے بڑھ کر ایک روایت بن چکی ہے جس کا جموں و کشمیر کے لوگوں سے جذباتی رشتہ قائم ہو چکا ہے۔ گزشتہ چند دِنوں کے دوران تقریباً 600 نوجوان کھلاڑیوں نے کیاکنگ، کینوئنگ، روئنگ، سکلنگ اور روایتی شکارا ریس سمیت 20 آبی کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیا ۔ ان مقابلوں نے خطے میں کھیلوں کی وسیع صلاحیت اور آبی کھیلوں کی متحرک کلچر کو اُجاگر کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ بڑے خواب دیکھیں اور لگن و خلوص کے ساتھ بہترین کارکردگی دِکھانے کی کوشش کریں۔اُنہوں نے جموں و کشمیر پولیس کے اَقدامات کے ذریعے پروان چڑھنے والے کھلاڑیوں کی کامیابیوں کا ذِکر کرتے ہوئے اَپنے پیغام میں کہا کہ نوجوان کھلاڑی ایک شاندار ورثے کے امین ہیں اور یونین ٹیریٹری کے کھیلوں کے مستقبل کے سفیر ہیں۔اُنہوں نے لچک ،سخت محنت اور خود اعتمادی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عزم اور استقامت کے ساتھ مقابلہ کیا جائے تو کوئی بھی چیلنج ناقابلِ عبور نہیں رہتا ۔ اُنہوں نے کھلاڑیوں اور شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ایک صحت مند اور منشیات سے پاک معاشرے کی تعمیر میں اَپنا کردار اَدا کریں۔اُنہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ کھیل نوجوانوں کو بااِختیار بنانے کے لئے ایک تعمیری راستہ فراہم کرتے ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ جشن ڈل جیسے اَقدامات نوجوانوں کی توانائی کو قوم کی تعمیر، تخلیقی صلاحیتوں اور مثبت سماجی تبدیلی کی جانب گامزن کرتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر پولیس کے سول ایکشن پروگرام اور نوجوانوں پر مرکوز اقدامات بشمول’’رن فار یونٹی‘‘ اور آنے والی’’پیڈل فار پیراڈائز‘‘ ریلی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کوششوں سے اعتماد، کمیونٹی کی شرکت اور نوجوانوں کی شمولیت کو تقویت ملی ہے۔اُنہوں نے تمغہ جیتنے والوں کو مُبارک باد دیتے ہوئے ان پر عاجز رہنے کی تاکید کی جبکہ دیگر شرکأ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ناکامیوں کو مستقبل کی کامیابی کے لئے قدم قدم کے طورپر دیکھیں۔اُنہوں نے اَپنے پیغام میںاس اعتماد کا اظہار کیا کہ جموں و کشمیر کا آبی کھیلوں کا ماحولیاتی نظام بڑھتا رہے گاجس سے آنے والے برسوں میں نوجوان کھلاڑیوں کے لئے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔