MoS Tribal Affairs concludes two day visit of Rajouri

قبائلی امور کی مرکزی وزیر مملکت نے راجوری میں اپنے دو روزہ دورے کا اختتام کیا

جموں و کشمیر یو ٹی میں ترقی تیز رفتار سے چل رہی ہے متعدد اہم ڈیولپمنٹ پروجیکٹ مکمل ، بہت سارے کام جاری

راجوری//مرکزی وزیر مملکت قبائلی امور محترمہ رینوکا سنگھ کا جموں و کشمیر یو ٹی تک خصوصی رسائی کے ایک حصے کے طور پر دو روزہ دورہ جموں و کشمیر آج راجوری میں اختتام پذیر ہوا ۔ اپنے دورے کے دوسرے دن وزیر مملکت نے پی ڈبلیو ڈی ڈاک بنگلہ کے کانفرنس ہال میں قبائلیوں کے ایک وفد سے ملاقات کی جس نے وزیر موصوف کو متعدد مطالبات اور ان کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔ وزیر مملکت نے پیش کئے گئے تمام مسائل اور مطالبات کو غور سے سُنا اور یقین دلایا کہ ان کے تمام حقیقی مسائل کو حل کیا جائے گا ۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ قبائلی بہبود مرکزی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور قبائلی آبادی کی سماجی و اقتصادی حیثیت کو بلند کرنے کیلئے سرشار کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ وزیر نے پہاڑی وفد سے بھی بات چیت کی اور ان کے مسائل اور مطالبات سُنے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر یو ٹی کی مجموعی ترقی کیلئے بہترین اور ممکنہ اقدامات کر رہی ہے اور یو ٹی کو ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے ہر شعبے کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ فلاحی اسکیموں اور پروگراموں کے فوائد ملک کے آخری مستفید تک پہنچیں ‘‘۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے سرشار کوششیں کی جا رہی ہیں کہ کوئی بھی ان کے حقوق سے محروم نہ رہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جموں و کشمیر یو ٹی میں ترقی تیزی سے چل رہی ہے بہت سارے ترقیاتی پروجیکٹ مکمل ہو چکے ہیں اور بہت سارے پروجیکٹوں پر کام جاری ہے ۔ بعد میں وزیر نے کیسری ہل ( کوٹرانکا ) اور تھنہ منڈی میں قبائلی آبادی کیلئے قبائلی ٹرانزٹ رہائش کی سہولت کا سنگِ بنیاد بھی رکھا ۔ اس موقع پر ڈی ڈی سی کے چئیر مین نسیم لیاقت ، ڈی ڈی سی راجوری وکاس کنڈل ، ایس ایس پی ، ڈائریکٹر قبائلی امور ، ڈی ڈی سی پون کمار ، سی پی او ، اے سی آر ، ایس ڈی ایم تھنہ منڈی ، ڈپٹی ڈائریکٹر قبائلی امور اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران موجود تھے ۔