فی فکزیشن اینڈ ریگولیشن کمیٹی کاحکم نامہ بالائے طاق

بیشتر نجی اسکولوں کے مالکان ومنتظمین اپنی اجارہ داری قائم رکھنے پر بضد ،طلبہ سے نومبر2022تا مارچ2023کی سالانہ فیس کی وصولی شروع

سری نگر//پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے مالکان اور منتظمین نے حسب روایت اپنی اجارہ داری یامن مانیوں کی روش برقرار رکھتے ہوئے زیرتعلیم طلباء وطالبات سے نومبر 2022سے مارچ2023تک کی سالانہ فیس کی وصولی شروع کردی ہے جبکہ نجی اسکولوں کیلئے ماہانہ ٹیوشن فیس مقرر کرنے والی فی فکزیشن وریگولیشن کمیٹی نے تمام نجی اسکولوں سے اس مدت کی فیس وصول کرنے کی ممانعت کی تھی ۔جے کے این ایس کوکئی نجی اسکولوںمیں زیرتعلیم بچوں وبچیوںکے والدین نے بتایاکہ اسکول منتظمین اُنھیں طلبہ کی سالانہ فیس یعنی نومبر 2022سے مارچ2023تک کی فیس اداکرنے پر مجبور کررہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ان 5مہینوںکی فیس اداکرنے کیلئے زیرتعلیم بچوں وبچیوں پر دبائو ڈالا جارہاہے اوراُن معصومین کوسخت تنگ طلب اورپریشان کیا جارہاہے ۔حیدر پورہ میں قائم نیو کانوینٹ نامی نجی اسکول میں زیرتعلیم کمسن بھائی بہن کے والد نے بتایاکہ اُن کواسکول منتظمین نے دونوں بچوں کی نومبر 2022سے مارچ2023تک کی فیس اداکرنے پر مجبور کیا ۔انہوںنے کہاکہ میں نے اسکول منتظمین اوراسٹاف سے کہاکہ فی فکزیشن اینڈ ریگولیشن کمیٹی نے ان پانچ مہینوںکی فیس وصول نہ کرنے کی آپ لوگوںکوہدایت دی ہے ۔بقول مذکورہ شخص کے اس پر اسکول اسٹاف نے بتایاکہ ہمیں جو حکم اپنے منتظمین اورمالکان کی جانب سے دیاگیاہے ،ہم اُس پر عمل درآمد کرنے اورکرانے کے پابند ہیں ۔دوبچوںکے والد کامزید کہناتھاکہ انہوںنے اس بارے میں فی فکزیشن اینڈ ریگولیشن کمیٹی کے ایک ذمہ دار سے فون پررابطہ قائم کیا تومذکورہ ذمہ دار نے کوئی ایکشن لینے کی یقین دہانی کرانے کے بجائے مجھ سے کہاکہ آپ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر سے رابطہ قائم کریں ۔سری نگر اورکشمیر کے دیگر اضلاع وعلاقوںمیں قائم متعدد نجی اسکولوںمیں زیرتعلیم طلباء وطالبات کے والدین نے بھی اسی طرح کی شکایت کرتے ہوئے کہاکہ نجی اسکولوںکے مالکان اورمنتظمین فی فکزیشن اینڈ ریگولیشن کمیٹی کی جانب سے جاری احکامات کوبالائے طاق رکھ کر اپنی اجارہ داری منوانے پر بضد ہیں ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ نومبر 2022سے مارچ2023تک کی فیس اداکی وصولی پر جب سری نگرمیں قائم 2اہم مشینری اسکولوں ’ٹینڈل بسکو اورمیلنسن اسکول‘ کے منتظمین مبینہ طورپر خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تو فی فکزیشن اینڈریگولیشن کمیٹی نے یہ معاملہ دونوں اسکولوںکے اعلیٰ منتظمین کیساتھ اُٹھایا،اور طرفین کے درمیان ہوئے تبادلہ خیال کے بعدفی فکزیشن اینڈریگولیشن کمیٹیFFRCکی جانب سے 2نومبر2022کوایک آرڈر زیر نمبر 14-FFRCآف2022جاری کیا ،جس میں مذکورہ کمیٹی نے ’ٹینڈل بسکو اورمیلنسن اسکول‘ کے منتظمین کیساتھ ہوئی بات چیت اور گفت وشنید کی مکمل تفصیلات دیں ۔اسی حکمنامے میں فی فکزیشن اینڈریگولیشن کمیٹیFFRCنے حکومت کی جانب سے فیس کی وصولی اورتعلیمی سیشن کی تبدیلی سے متعلق جاری کردہ کئی آرڈروںکاحوالہ بھی دیا۔اس آرڈر کے تیسرے پیرا گراف میں فی فکزیشن اینڈریگولیشن کمیٹیFFRCنے یہ واضح کیاہے کہ نجی اسکولوںکے منتظمین کی جانب سے نومبر 2022سے مارچ2023تک کی فیس وصول کرناقانونی طور پرپائیدار عمل نہیں ہے ۔فی فکزیشن وریگولیشن کمیٹی کے چیئرپرسن ریٹائرڈ مظفرحسین عطار کی جانب سے 2نومبر2022کوجاری کردہ آرڈر کے آخری پیراگراف میں لکھاگیاہے ’’پرائیویٹ اسکولوں کی تمام اسکول انتظامیہ کو نومبر 2022سے مارچ 2023 کے عرصے کے لیے سالانہ فیس چارج کرنے اور وصول کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ اس آرڈر کی کسی بھی خلاف ورزی کے نتیجے میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔