ایئر فورس اکیڈمی سے تربیت مکمل کرنے اور بہترین کارکردگی پر سورڈ آف آنر سے سر فراز
سرینگر /این این بی // رواں ماہ کے اختتام پر اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے حیدرآباد کے قریب واقع ایئر فورس اکیڈمی ڈنڈیگل میں کرن طیارے پر اپنی آخری تربیتی پرواز مکمل کی۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے منگل کے روز حیدرآباد کے قریب واقع ایئر فورس اکیڈمی (اے ایف اے) ڈنڈیگل میں کرن طیارے پر اپنی آخری تربیتی پرواز مکمل کی۔ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ رواں ماہ کے اختتام پر اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے ہیں۔سرکاری حکام کے مطابق ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے ایئر فورس اکیڈمی میں کرن طیارے پر تربیتی پرواز کی اور کامیابی کے ساتھ اسے مکمل کیا۔ پرواز کے اختتام پر ان کے طیارے کے اکیڈمی میں اترنے کے موقع پر انہیں احترام کے طور پر واٹر کینن سلامی بھی دی گئی۔یہ موقع ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ کیلئے خاصا جذباتی اور یادگار رہا، کیونکہ انہوں نے اس پرواز کے دوران اپنے سابق انسٹرکٹر ونگ کمانڈر (ریٹائرڈ) وی ایس کوچھرکے ساتھ کرن طیارے میں پرواز کی۔ ایئر فورس اکیڈمی ہی وہ مقام ہے جہاں اے پی سنگھ نے اپنے فضائی سفر اور پرواز کی تربیت کا آغاز کیا تھا۔ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں کرن طیارے پر ہی پرواز کی تربیت حاصل کی تھی۔ انہوں نے 1984 میں ایئر فورس اکیڈمی سے تربیت مکمل کی اور بہترین کارکردگی پر انہیں سورڈ آف آنر سے بھی نوازا گیا تھا۔کرن طیارے پر آخری تربیتی پرواز کے ساتھ اے پی سنگھ نے اپنے فضائی کیریئر کے ابتدائی دور سے جڑی ایک اہم یاد کو بھی تازہ کیا۔ ان کے لیے یہ پرواز اس لحاظ سے بھی اہم تھی کہ انہوں نے اسی نوعیت کے طیارے سے اپنی پرواز کا سفر شروع کیا تھا۔اس سے قبل ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے 12اکتوبر کو جودھ پور ایئر فورس اسٹیشن پر منعقدہ مشق ترنگ شکتی کے دوران ملک میں تیار کردہ جنگی طیارے تیجس پر اپنی آخری فائٹر جیٹ پرواز کی تھی۔اس طرح سبکدوشی سے قبل ان کی کرن طیارے پر آخری تربیتی پرواز نے ان کے تقریباً چار دہائیوں پر محیط فضائی سفر کے ابتدائی اور آخری مراحل کے درمیان ایک علامتی ربط قائم کیا۔










