راج ناتھ سنگھ، نرملا سیتا رمن، نتن گڈکری اور دیگر سمیت تمام سینئر وزرا بھی آؤٹ پروگرام کا حصہ ہوں گے
سرینگر / /وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورے جموں کشمیر کے کچھ دنوں بعد ہی مرکزی سرکار نے جموں میں عوامی آوٹ ریچ پروگراموں کے تیسرے مرحلے کا اعلان کیا ہے ۔ تیسرے مرحلے کی شروعات آج یعنی 10اکتوبر سے ہوگی جس دوران تقریبا تمام مرکزی وزراء جموں و کشمیر کا دورہ کرنے والے ہیںاور امید کی جا رہی ہے کہ یہ پروگرام نومبر کے آخر تک جاری رہے گا۔ سی این آئی کے مطابق عوامی مسائل کو سننے اور ان کو حل کرانے کیلئے مرکزی سرکار کی جانب سے شروع کی گئی ’’ عوامی آوٹ ریچ ‘‘ پروگرام کے تیسرے مرحلے کی شروعات آج یعنی 10اکتوبر سے ہو گی ۔ اس آؤٹ ریچ پروگرام کے دوران تقریبا تمام مرکزی وزراء جموں و کشمیر کا دورہ کرنے والے ہیںتاہم ابھی تک کوئی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے کہ یہ پروگرام کب اختتام پذیر ہوگا لیکن انتظامیہ کو توقع ہے کہ یہ نومبر کے آخر تک جاری رہے گا۔ خیال رہے کہ 5 اگست 2019 کو دفعہ370 کی منسوخی کے بعد سے ہر سال جموں و کشمیر میں پبلک آؤٹ ریچ پروگرام کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس کی شروعات جنوری 2020 میں ہوئی تھی۔ پچھلے سال یعنی 2021 میں، اس کا انعقاد ستمبراکتوبر میں کیا گیا تھا۔ اس سال، مئی جون میں اس کا منصوبہ بنایا گیا تھا اور دوروں کا آغاز بھی ہو چکا تھا لیکن امرناتھ کی سالانہ یاترا کیلئے فول پروف حفاظتی انتظامات کرنے کے لیے پروگرام کو روک دیا گیا تھا۔تیسرے مرحلے کیلئے مرکزی حکومت نے نو مرکزی وزراء کے شیڈول کو کلیئر کر دیا، جو ابتدائی دنوں میں جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے۔ شیڈول ہر ہفتے جاری ہوتا رہے گا اور ذرائع کے مطابق تقریباً دو ماہ کے دوران 70وزراء جموں کشمیر کا دورہ کریں گے۔آؤٹ ریچ پروگرام کا آغاز 10 سے 12 اکتوبر تک فوڈ پروسیسنگ، صارفین کے امور اور عوامی تقسیم اور دیہی ترقی کے محکمے کی مرکزی وزیر مملکت سادھوی نرنجن جیوتی کے بارہمولہ ضلع کے دورے سے ہوگا۔مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری 12 سے 15 اکتوبر تک جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کا دورہ کریں گے۔قبائلی امور کی مرکزی وزیر مملکت رینوکا سنگھ 19 سے 20 اکتوبر تک سرحدی ضلع راجوری کا دورہ کریں گی جبکہ مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور جان بارلا 10 سے 12 اکتوبر تک رام بن ضلع کا دورہ کریں گے۔مرکزی وزیر مملکت سنجیو کمار بالیان بھی 11 سے 12 اکتوبر تک جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کا دورہ کریں گے۔مرکزی وزیر تجارت اور صنعت انوپریہ پٹیل 12 اور 13 اکتوبر کو گاندربل ضلع کے کچھ حصوں کا دورہ کریں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ راج ناتھ سنگھ، نرملا سیتا رمن، نتن گڈکری اور دیگر سمیت تمام سینئر وزرا بھی آؤٹ پروگرام کا حصہ ہوں گے۔واپسی پر وزراء اپنی رپورٹیں پی ایم او اور ایم ایچ اے کو پیش کریں گے۔










