گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر نے آج اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے اور دیگر اَفسران کے ساتھ سیل سینٹر ریپو را لار کا دورہ کیا تاکہ اس کے کام کاج کا جائزہ لیا جاسکے۔یہ دورہ ’آزادی کا اَمرت مہااُتسو ‘ کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا جس کے تحت محکمہ فوڈ ، سو ل سپلائز اینڈ پبلک ڈسٹری بیوشن سینٹر اَفسران کے ذریعے ایف پی ایس کے دورے کی پہل کررہا ہے۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے سیل سینٹر کے کام کاج اور غذائی اجناس کی دستیابی بشمول معاون عملہ، آن لائن تقسیم کی نگرانی ، غذائی اجناس کے معیار اور صارفین کی اطمینان کا جائزہ لیا جو سیل سینٹر کے مجموعی کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے کلیدی پیرامیٹرزہیں ۔ اُنہوں نے بنیادی ڈھانچے کی ضروریات اور شکایات کے اَزالے کا بھی جائزہ لیا۔اِس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے وہان موجود مستحقین کے ساتھ بات چیت کی اور فیئر پرائس شاپ پر فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ صارفین کی بہتر اور پیشہ ورانہ خدمت کریں تاکہ اُنہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور معیاری راشن صارفین میں تقسیم کیا جائے۔










