پلوامہ //ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم کی صدارت میں ایڈ منسٹریٹیو کمپلیکس پلوامہ میں انٹرپرینیورشپ اور خود انحصاری کو فروغ دینے کی سمت میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ یہ میٹنگ ڈسٹرکٹ لیول امپلی منٹیشن کمیٹی کا ایک اہم اقدام ہے جس میں تیجسوینی اور ممکن سکیموں کے تحت معاملوں کی منظور ی پر توجہ مرکوز کی گئی جو اِقتصادی طور پر بااِختیار بنانے کے لئے ضلع اِنتظامیہ کے عزم کو اُجاگر کرتی ہے ۔ ضلع نے خود روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر بہت زور دیا ہے اور یہ میٹنگ اس سمت میں ایک قابل ذکر پیش رفت تھی۔ آج کے سیشن میں کل 55 معاملوں کو’ ممکن ‘سکیم کے تحت منظوری ملی جبکہ’ تیجسوینی ‘سکیم کے تحت 8 معاملوں کو منظوری ملی۔یہ سکیمیں ضلعی اِنتظامیہ کی جامع حکمت عملی کا ایک لازمی حصہ ہیں تاکہ دیرپا معاش کی راہیں فراہم کرکے کمیونٹی کو ترقی دی جاسکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نچلی سطح پر معاشی آزادی کو فروغ دینے میں اس طرح کے اقدامات کے اہم کردار کو اُجاگر کیا۔منظور شدہ معاملات مختلف شعبوں پر محیط ہیںجو ضلعی اِنتظامیہ کے جامع نقطہ نظر کی عکاسی کرتے ہیں ۔یہ خود انحصار اور بااختیار کمیونٹی کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے میں ایک اہم پیش رفت کی نشاندہی کرتا ہے۔میٹنگ میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر اور دیگر ضلعی اور سیکٹورل افسران نے شرکت کی۔










