نئی دہلی:صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک بین مذاہب میٹنگ میں شرکت کی اور میٹنگ کو خطاب کیا۔اس موقع پر صدرجمہوریہ نے کہا کہ مذہب ہماری زندگیوں میں ایک اہم مقام رکھتا ہے ۔ مذہبی عقائد اور رسومات ہمیں ناسازگار حالات میں راحت، امید اور طاقت دیتے ہیں۔ دعا اور مراقبہ انسانوں کو اندرونی سکون اور جذباتی استحکام کا تجربہ کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ لیکن امن، محبت، پاکیزگی اور سچائی جیسی بنیادی روحانی اقدار ہماری زندگیوں کو بامعنی بناتی ہیں۔ ان اقدار سے عاری مذہبی رسومات ہمیں فائدہ نہیں پہنچا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں امن اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے رواداری، ایک دوسرے کا احترام اور ہم آہنگی کی اہمیت کو سمجھنا ضروری ہے ۔










