سری نگر//محکمہ خزانہ کی جموں و کشمیر فائنانس اینڈ اکاؤنٹس سروسز ملازمین کی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے آج وزیر برائے خزانہ، زرعی پیداوار ، کان کنی اور اِمدادِ باہمی محکمہ جات سے ملاقات کی اور انہیں خزانہ کا قلمدان سنبھالنے پر مُبارک باد پیش کی۔دوران ملاقات نمائندوں نے وزیر موصوف کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا اور اُمید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں محکمہ کے کام کاج کو نئی تحریک ملے گی ، اِدارہ جاتی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور حکومت کے اہم مالیاتی و ترقیاتی اہداف کے حصول میں مدد ملے گی ۔نمائندوں نے اُمید ظاہر کی کہ محکمہ بہتر مالی انتظام، شفافیت، جوابدہی اور عوامی خدمات کی مؤثر فراہمی کو فروغ دینے میں نمایاں پیش رفت جاری رکھے گا۔ اُنہوں نے اِس یقین کا بھی اظہار کیا کہ وزیر موصو ف کی یہ نئی مدتِ کار محکمہ اِدارہ جاتی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرے گی اور مؤثر مالی حکمرانی کے لئے جاری کوششوںکو تقویت دے گی۔ملازمین کی ایسوسی ایشنز نے وزیر کو ایک کامیاب اورنتیجہ خیز مدتِ کار کی خواہش ظاہر کی اور اُمید ظاہر کی کہ محکمہ خزانہ نئے سنگِ میل عبور کرے گا اور حکومت کی ترقیاتی ترجیحات کے فروغ اور جموں و کشمیر کی مجموعی معاشی ترقی کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔










