رام بن//سیکرٹری محکمہ کان کنی امیت شرما نے آج ضلع رام بن کے پارلنکا میں جپسم کانوں کا دورہ کیا جس کی دیکھ ریکھ جے اینڈ کے منرلز لمٹیڈ کر رہی ہے ۔ اِس کے بعد اُنہوں نے ضلع رام بن میں جاری کان کنی کے کاموں کے سلسلے میں ایک جائزہ میٹنگ منعقد کی۔دورے کے دوران سیکرٹری موصوف کے ہمراہ منیجنگ ڈائریکٹر جے اینڈ کے منرلز وِکرم کے گپتا،منیجر جے کے ایم ایل پرمود کھجوریا اور دیگر متعلقین بھی تھے۔سیکرٹری محکمہ کان کنی نے جاری جپسم کی کان کنی کا پہلا کائونٹ ایم ڈی جے کے ایم ایل اور ان کی ٹیم کے ساتھ سائٹ شروع کیا جس میں پارلنکا سائٹ سے جپسم کی روزانہ نکالنے ، ٹرانسپورٹیشن ، فروخت اور سپلائی کے بارے میں تفصیلات شیئر کی گئیں۔سیکرٹری موصوف کو جانکاری دی گئی کہ ان جپسم کانوں نے کارپوریشن کو گذشتہ چند برسوں میں کافی حد تک خود کفیل ہونے میں مدد کی ہے اوریہ معمول کے معاملات کو بہتر طریقے سے انجام دیتا ہے جس میں بنیادی طور پر یہاں کارپوریشن کی طرف سے پیدا ہونے والی آمدنی کے ذریعے تنخواہوں، واجبات وغیرہ کی ادائیگی شامل ہے۔اُنہوں نے دورے کے دوسرے مرحلے میں ڈی سی آفس کمپلیکس رام بن میںضلع میں موجودہ جاری کان کنی سرگرمیوں سے متعلق ایک جائزہ میٹنگ منعقد کی۔ڈی ایم او رام بن کلونت سنگھ نے بتایا کہ ضلع میں حال ہی میں دو نئے کان کنی بلاکوں ایک جپسم کے لئے اور دوسرا ریور بیڈ مائننگ کے لئے نشاندہی کی گئی ہے ۔میٹنگ میں اس کی تعریف کرتے ہوئے ہدایات دی گئیں کہ رام بن میں ان نئی دریافت شدہ جپسم سائٹوں کے کاغذی کام کو تیز کیا جائے تاکہ پرلنکا کی کانوں پر دبائو کو کافی حد تک کم کیا جاسکے کیوں کہ پرلنکا کی کانوں پر جپسم کے لئے واحد انحصار کو ختم کیا جانا چاہیے۔ مستقبل قریب میں ساولا کوٹ ہائیڈل پروجیکٹ کے شروع ہونے کے بعد پار لنکا کے مقامات چناب کے پانی میں ڈوب جائیں گے۔سیکرٹری کان کنی نے ضلع میں کان کنی شعبے کے اہم مسائل پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر رام بن راجندر کمار کھجوریہ اور اسسٹنٹ کمشنر رام بن غیاث الحق کے ساتھ بالخصوص زیر اِلتوأ اراضی کے حصول کے معاملات کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ نجی اراضی سے متعلق مسائل کو حل کیا جاسکے اور عوام کو اس کا جائز معاوضہ جلد از جلد مل سکے۔اُنہوں نے رام بن اِنتظامیہ کی بھی ستائش کی کہ وہ کان کنی سے متعلقہ مسائل جیسے پُلوں کی مرمت ، بلاکوں کی تلاش وغیرہ کو حل کرنے میں ہمیشہ پیش قدمی کرتی ہے جو مستقبل قریب میں جاری رہنا چاہیے۔دورے کے اِختتام سے قبل امیت شرما نے کہا کہ جی2بی2سی پورٹل geologymining.jk.gov.inکے آغاز سے متعلق محکمہ کے تازہ ترین اِی۔گورننس اقدام کا مکمل اِستعمال ہونا چاہیے جس سے تمام لین دین صرف اِی ۔ چالان کے اجرأ کے ذریعے ہونا چاہیے۔اُنہوں نے ایم ڈی اورام بن اور ضلعی اَفسران کو مشورہ دیا کہ وہ اِس ویب سائٹ پر اِی ۔ مارکیٹ پلیس کے ذریعے کان کنی کے مواد کی خریداری کے لئے مزید بیداری کیمپوں کا اِنعقاد کریں۔










