سید امیر علی لائبریری، خضر پور ، میں معروف شاعر رضی احمد فیضی(اسسٹنٹ پروفیسر، گوپال گنج، بہار) کے شعری مجموعے “نیرنگ خیال” کی تقریب رونمائی اور مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ رونمائی کی تقریب کی صدارت معروف افسانہ نگار انیس النبی نیز مشاعرے کی صدارت مشہور شاعر اشرف یعقوبی نے کی جبکہ صاحب کتاب رضی احمد فیضی اور مہمان خصوصی عظیم انصاری ،بلند اقبال، خواجہ احمد حسین، سید انجم رومان، ڈاکٹر وحید الحق، سید محمد زماں، ڈاکٹر سراج خان آتش، آتش رضا، مہمانان ذی وقار کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ ایاز سلمہ نے اپنی آواز کا جادو جگاتے ہوئے مرحوم اکبر حسین اکبر کے نعتیہ اشعار سے تقریب کا آغاز کیا۔
شعری مجموعے کی رونمائی اکابرین ادب کے ہاتھوں ہوئی۔ بعد اذیں لائبریری کے جوائنٹ سکریٹری اور رسالہ بیباک کے مدیر اعلیٰ پرویز اختر(معروف شاعر و ادیب) نے تمام مہمانان اور حاضرین کا استقبال کرتے ہوئے مجموعے کی رونمائی کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی اربابِ ذوق بھی اسے خوش آمدید کہیں گے مزید اس کی بھر پور پزیرائی کریں گے۔ ڈاکٹر وحید الحق علیگ نے بھی نیرنگ خیال خیال کے اشعار کے حوالے سے مختصر مگر موثر گفتگو کی۔ معروف ادیب و شاعر خواجہ احمد حسین نے صاحبِ کتاب کے مجموعے کا استقبال کیا اور دورانِ گفتگو رسالہ “بیباک” کے مدیر اعلی پرویز اختر اور سر پرست فہیم اختر(شاعر و ادیب ) کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں حضرات کی کاوشوں سے خضر پور کا خشک ادبی باغ پھر لہلہا اٹھا ہے۔ نئی نسل بھی ادب کی جانب مائل ہوئی ہے جس کا ثبوت آج کی یہ بزم ہے۔ پہلے دور کی نظامت کا فریضہ تقریب کے روح رواں پرویز اختر صاحب نے خوش اسلوبی سے انجام دیا جبکہ مشاعرے کی نظامت طنز و مزاح کے معروف شاعر اسماعیل نظر نے خوب نبھائی۔ حسب توقع تمام شعراء و شاعرات نے اپنے خوبصورت اور معیاری کلام سے سامعین کو نوازا اور داد و تحسین حاصل کئے۔ جن شعراء و شاعرات نے اس خوبصورت ادبی محفل کو رونق بخشی، ان کے اسماۓ گرامی درج ذیل ہیں؛ شائستہ پروین، علیشا خاتون، نسرین پروین، ڈاکٹر امام افضل (فیزیشین) ، جناب خورشید عالم تنویر، اسلم نجمی، ایاز خان ایاز،اظہار کریم، سمیع الفت ، مہتاب سلم، ڈاکٹر صوفیہ خان، فوزیہ اختر ازکی، انیسہ صابری ، رونق افروز ، بشری سحر ،علی شاہد دلکش ، ڈاکٹر سراج خان باتش، اسماعیل نظر، مشتاق ہاشمی ، ڈاکٹر وحید الحق ، پرویز اختر،صاحب کتاب پروفیسر رضی احمد فیضی ، آتش رضا، شکیل انور ، خواجہ احمد حسین ، ارشد جمال حشمی، سید انجم رومان، بلند اقبال، عظیم انصاری، فیروز اختر ،اور صدرِ مشاعرہ حضرت اشرف یعقوبی۔ تمامی علمی و ادبی حاضرین کی آمد سے آج لائبریری میں گلشنِ اردو کی خوبصورت ادبی شام یاد گار بن گئی نیز کثیر تعداد میں طلبہ و طالبات اور اکابرین ادب کی شرکت نے رونق اور معنویت میں مزید اضافہ کیا۔










