بڑے پیمانے پر عوامی دربار کا انعقاد ، عوامی شکایات ، ترقیاتی مسائل کا جائیزہ لیا
کلگام//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے ڈی ایچ پورہ کلگام کا دورہ کیا اور ستراجن بنگیوارڈ میں پرائمری اسکول کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے گورنمنٹ مڈل سکول ( جی ایم ایس ) بنگیوارڈ میں ایڈیشنل کلاس روم ( اے سی آر ) کی عمارت کی تعمیر کا سنگِ بنیاد بھی رکھا ۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیر نے جموں و کشمیر میں خاص طور پر دیہی اور دور دراز علاقوں میں تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کرنے کیلئے حکومت کے عزم کو دوہرایا ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیکھنے کیلئے معیاری انفراسٹرکچر، موثر تدریس اور ساز گار ماحول پیدا کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ تعلیم کے شعبے کو مضبوط بنانا اور دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں معیاری تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانا ہماری حکومت کی کوشش ہے ۔ ‘‘ وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی بنیادی ڈھانچہ سماجی اور اقتصادی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور حکومت جموں و کشمیر میں اسکولوں کی ترقی کو ترجیح دے رہی ہے ۔ بعد میں وزیر نے بنگیوارڈ میں ایک بڑے عوامی دربار کا انعقاد کیا ، جہاں مختلف ملحقہ علاقوں کے لوگوں نے عوامی مسائل اور ترقیاتی مطالبات کو پیش کیا ۔ رہائشیوں نے سڑکوں کے رابطے ، پینے کے پانی کی فراہمی ، صحت کی سہولیات ، بجلی ، اسکول کے بنیادی ڈھانچے اور دیگر شہری سہولیات سے متعلق خدشات کو اجاگر کیا ۔ محترمہ سکینہ ایتو نے شکایات کو غور سے سُنا اور عوام کو یقین دلایا کہ تمام حقیقی مسائل کو مرحلہ وار اور مقررہ وقت میں حل کیا جائے گا ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اہم معاملات پر فوری ایکشن لیں اور نچلی سطح پر عوامی خدمات کی بہتر فراہمی کو یقینی بنائیں ۔










