کہا، اُبھرتے ہوئے صحت کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تحقیق پر مبنی تعلیم ناگزیر ہے
سری نگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے گورنمنٹ ڈینٹل کالج سری نگر میں پوسٹ گریجویٹ ریسرچ پروگرام (پی جی آر پی) کنکلیو۔2026 کا اِفتتاح کیا۔ اِس موقعہ پر اُنہوں نے ڈاکٹروں، ماہرینِ تعلیم، محققین اورطلبأ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صحت شعبے کو مضبوط بنانے اور مریضوں کی بہتر نگہداشت کے لئے تحقیق اور اِختراع کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پی جی آر پی کنکلیو جیسے پلیٹ فارمز نوجوان طبی ماہرین اور سکالروں کو اَپنی تحقیقی صلاحیتیں پیش کرنے، خیالات کا تبادلہ کرنے اور طبی سائنس میں ترقی کے لئے اَپنا کردار اَدا کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔وزیر صحت سکینہ اِیتو نے کنکلیو کے اِنعقاد اور سائنسی تحقیقات اور تعلیمی برتری کے فروغ کے لئے فیکلٹی، طلبأ اور منتظمین کی کوششوں کو سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ تحقیق پر مبنی تعلیم صحت کے اُبھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے اور لوگوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے اِنتہائی ضروری ہے۔اُنہوں نے کہا، ’’ڈاکٹر معاشرے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں اور طب کا پیشہ اِنسانیت کی خدمت، ہمدردی اور عزم کے ساتھ انجام دینے والا ایک عظیم پیشہ ہے۔‘‘وزیرموصوفہ نے نوجوان ڈاکٹروں اور محققین پر زور دیا کہ وہ اخلاقی طبی اصولوں پر کاربند رہیں اور مریضوں کی نگہداشت اور سائنسی تحقیق میں بہترین کارکردگی کے لئے کوششیں جاری رکھیں۔ اُنہوں نے صحت ڈھانچے کو مضبوط بنانے، طبی تعلیم کو فروغ دینے اور پورے یوٹی میں تحقیقی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے حکومت کے عزم کو بھی اُجاگر کیا۔ اِس موقعہ پر پرنسپل گورنمنٹ ڈینٹل کالج سری نگر نے کنکلیو کے مقاصد کے بارے میں مختصر خاکہ پیش کیا۔تقریب کے دوران وزیرصحت سکینہ اِیتو نے طلبأ اور فیکلٹی اراکین سے بھی بات چیت کی اور علمی و طبی میدان میں ان کی خدمات کو سراہا۔ اُنہوں نے ریسرچ کنکلیو۔2026 کے نیوز لیٹر کی رسم رونمائی بھی اَنجام دِی۔










