سکینہ اِیتو نے کولگام کے پنچن پتری علاقے کی سیاحتی صلاحیت کا جائزہ لیا

کہا،حکومت نے جموں و کشمیر کے سیاحتی منظرنامے کو وسعت دینے کیلئے غیر معروف سیاحتی مقامات کی نشاندہی اور ترقی پر توجہ مرکوز کی ہے

کولگام//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے آج سول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں کولگام ضلع کے خوبصورت پنچن پتری علاقے کے سیاحتی امکانات کا جائزہ لیاگیا۔دورانِ میٹنگ وزیر موصوفہ نے کولگام کے پنچن پتری کو جموں و کشمیر کے سیاحتی نقشے پرلانے کے لئے کئے جانے والے مختلف اَقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ اِس خوبصورت علاقے میں تمام قسم کی بنیادی سہولیات قائم کی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح اس کی طرف راغب ہوں۔اُنہوںنے محکمہ سیاحت کو ہدایت دی کہ علاقے میں سیاحتی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے۔ اُنہوں نے کہا ،’’پنچن پتھری‘میںبے پناہ قدرتی خوبصورتی ہے اور نیچرل خوبصورتی سے محبت کرنے والوں، ٹریکنگ کے شوقین اَفراد اور مہم جو سیاحوں کے لئے ایک بڑی کشش کے طور پر ابھرنے کی زبردست صلاحیت رکھتاہے۔‘‘سکینہ اِیتو نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر کے سیاحتی منظرنامے میں متنوع بنانے اور مقامی کمیونٹیوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لئے غیر معروف سیاحتی مقامات کی نشاندہی اور ترقی پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔اُنہوں نے کہا، ’’غیر دریافت شدہ سیاحتی مقامات کو فروغ دینے سے نہ صرف سیاحوں کے تجربات میں بہتری آتی ہے بلکہ روزگار اور کاروباری مواقع پیدا ہونے کے ذریعے دیہی معیشت کو بھی نمایاں فائدہ پہنچتا ہے۔‘‘وزیر موصوفہ نے سیاحت کی جامع ترقی کے لئے حکومت کے ویژن کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پنچن پتری جیسے ابھرتے ہوئے سیاحتی مقامات جموں و کشمیر کو ایک ممتاز سیاحتی خطے کے طور پر مزید مستحکم بنانے اور مقامی باشندوں کے لئے طویل مدتی معاشی فوائد پیدا کرنے میں اہم کردار اَدا کریں گے۔دورانِ میٹنگ جوائنٹ ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر نے وزیرموصوفہ کو پنچن پتری میں جاری اور مجوزہ سیاحتی اقدامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔میٹنگ میں جوائنٹ ڈائریکٹر ٹوراِزم کشمیر سمیت محکمہ سیاحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران نے شرکت کی۔