سکینہ اِیتو نے سول سیکرٹریٹ جموں میں عوامی وفود اور اَفراد سے ملاقات کی

سکینہ اِیتو نے سول سیکرٹریٹ جموں میں عوامی وفود اور اَفراد سے ملاقات کی

جموں// وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے سول سیکرٹریٹ جموں میں عوامی وفود اوراَفراد کے ساتھ ملاقات کی۔ اُنہوں نے اُن کے مسائل و شکایات کو بغور سُنا او ر ان کے بروقت اور مؤثر اَزالے کا یقین دِلایا۔عوامی رَسائی پروگرام کے دوران مختلف علاقوں اور شعبوں کی نمائندگی کرنے والے وفود نے وزیر موصوفہ کو صحت کے بنیادی ڈھانچے، تعلیمی سہولیات، سماجی بہبود کی سکیموں، عوامی خدمات اور دیگر ترقیاتی ضروریات سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ اِس موقعہ پر متعدد اَفراد نے بھی وزیر سے ملاقات کر کے اپنی مقامی علاقوںسے متعلق شکایات اور مسائل پیش کئے اور ان کے حل کے لئے مداخلت کی درخواست کی۔وزیر موصوفہ نے تمام وفود اور اَفراد کو بغور سننے کے بعد جوابدہ، شفاف اور عوام دوست حکمرانی کے تئیں حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی شمولیت مؤثر اِنتظامیہ کا ایک لازمی ستون ہے اور اس سے یہ یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے کہ ترقیاتی پالیسیاں عوام کی ضروریات اور اُمنگوں کے مطابق ہوں۔اُنہوں نے زمینی سطح پر حکمرانی کو مزید بہتر بنانے کے تئیں حکومت کے مرکوز طرزِ عمل کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے ساتھ مسلسل رابطے اور ملاقاتیں مقامی چیلنجوں کو سمجھنے میں مدد دیتی ہیں اور اِنتظامیہ کو عملی، جامع اور عوامی مفاد پر مبنی حل وضع کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آخری فرد تک خدمات کی مؤثر فراہمی کو یقینی بنانا اور ہر سطح پر جوابدہی کو بڑھانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔سکینہ اِیتو نے تمام عوامی وفود اور اَفراد کو یقین دِلایا کہ ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔