سکینہ اِیتو نے جموں میں جی بی ایچ ایس ایس گاندھی نگر کا نام تبدیل کرنے کی تقریب کی صدارت کی

آنجہانی ماہر تعلیم کلدیپ کما ربڈیال کی تعلیمی شعبے میں خدمات کو یا د کیا

جموں//وزیر برائے تعلیم، سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری سکول (جی بی ایچ ایس ایس) گاندھی نگر جموں کا نام تبدیل کرکے ’’شری کلدیپ کمار بڈیال میموریل گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری سکول گاندھی نگر‘‘ رکھنے کے سلسلے میں منعقدہ ایک شاندار تقریب کی صدارت کی۔اِس موقعہ پر رُکن اسمبلی باہو وِکرم رندھاوا، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں ڈاکٹر راکیش منہاس، ڈائریکٹر سکولی تعلیم جموں نسیم جاوید چودھری ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں پونم سیٹھی، آنجہانی شری کلدیپ کمار بڈیال کے اہلِ خانہ، ادارے کے فیکلٹی ممبران اور طلبأ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔وزیر تعلیم سکینہ اِیتو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آنجہانی ماہرِ تعلیم کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا اور انہیں ایک دُور اندیش شخصیت قرار دیا جن کی لگن اور عزم نے خطے کے تعلیمی منظرنامے پر انمٹ نقوش چھوڑے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِدارے کو شری بڈیال کے نام سے منسوب کرنا ان کی بے لوث خدمات اور بے شمار طلبأ کے مستقبل کو سنوارنے کے لئے کی گئی انتھک کوششوں کا ایک موزوں خراج تحسین ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے گزشتہ برس اِدارے میں آنجہانی شری کلدیپ کمار بڈیال کے مجسمے کی نقاب کشائی کرتے ہوئے اس ادارے کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ لیا تھا۔وزیر موصوفہ نے کہا کہ شری کلدیپ کمار بڈیال جیسے اساتذہ معاشرے کے لئے مشعلِ راہ ہوتے ہیں اور اپنی عظیم خدمات کے ذریعے نسلوں کو متاثر کرتے رہتے ہیں۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ حکومت تعلیمی شعبے کو مضبوط بنانے اور سماجی و تعلیمی ترقی میں نمایاں کردار اَدا کرنے والی شخصیات کی میراث کو محفوظ رکھنے کے لئے پُرعزم ہے۔اِس موقعہ پر رُکن قانون ساز اسمبلی باہو وِکرم رندھاوا اور دیگر معززین نے بھی خطاب کیا۔اُنہوں نے معیاری تعلیم کے فروغ اور نوجوان ذہنوں کی خلوص و لگن کے ساتھ رہنمائی میں آنجہانی شری بڈیال کے گرانقدر کردار کو یاد کیا۔دورانِ تقریب وزیر تعلیم نے آنجہانی شری کلدیپ کمار بڈیال کے اعزاز میں اِدارے کے نئے نصب کردہ نام بورڈ کی بھی نقاب کشائی کی۔ اُنہوں نے آنجہانی پرنسپل کے مجسمہ پر گل دائرے بھی چڑھائے۔