سکینہ اِیتو نے جموںوکشمیرمیں منشیات کی لت کو روکنے کیلئے تعلیمی اِداروں اور کوچنگ سینٹروں میں لازمی سکریننگ پر زور دیا

سکینہ اِیتو نے جموںوکشمیرمیں منشیات کی لت کو روکنے کیلئے تعلیمی اِداروں اور کوچنگ سینٹروں میں لازمی سکریننگ پر زور دیا

سکولوں کے قریب تمباکو مصنوعات فروخت کرنے والی دُکانوں کو بند کرنے کی ہدایت

سری نگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے جموں و کشمیر میں منشیات کے خلاف مہم کو مضبوط بنانے کے لئے فیصلہ کن اقدام میں تمام تعلیمی اِداروں اور کوچنگ سینٹروں میں جامع سکریننگ اور بیداری کے میکانزم کو لازمی قرار دینے پر زور دیا تاکہ نوجوانوں میں منشیات کے اِستعمال کی بروقت نشاندہی اور روکتھام ممکن بنائی جا سکے۔وزیرموصوفہ نے آج سول سیکرٹریٹ میں منشیات کے خاتمے، ذہنی صحت سے متعلق بیداری اوربحالی کے اقدامات کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں میں منشیات کی لت کا بڑھتا خطرہ ایک مربوط اور ہمہ جہت حکمت عملی کا تقاضا کرتا ہے جس میں سرکاری محکمے، تعلیمی اِدارے، والدین، سول سوسائٹی اور طبی ماہرین سب کو اَپنا کردار اَدا کرنا ہوگا۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری سماجی بہبود سرمد حفیظ، کمشنر سیکرٹری تعلیم رام نواس شرما، ڈائریکٹر سماجی بہبود کشمیر/ جموں، ڈائریکٹر سکولی تعلیم جموں/ کشمیر ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر/جموں، ڈائریکٹر کالجز، تمام گورنمنٹ میڈیکل کالجوں کے پرنسپل، سپیشل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم، جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات (ہیڈکوارٹر)، سٹیٹ ڈرگ کنٹرولر، سول سوسائٹی فورم، پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن، غیر اِمدادی پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن، پرائیویٹ کوچنگ سینٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندگان، ممتاز شہری اور دیگر شراکت داروںنے شرکت کی۔وزیر تعلیم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور پرائیویٹ کوچنگ سینٹروں میں منظم سکریننگ پروگرام شروع کئے جائیں تاکہ خطرے سے دوچار طلبأ کی جلد پتہ لگانے ،بروقت مشاورت اور بحالی ممکن بنائی جا سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو نشہ آور اشیأ کے شکار ہونے سے بچانے کے لئے ابتدائی سطح پر احتیاطی اقدامات اور بیداری انتہائی ضروری ہے۔اُنہوں نے کہا، ’’تعلیمی ادارے صرف تعلیم کے مراکز نہیں بلکہ ذمہ دار اور صحت مند شہری تیار کرنے کے پلیٹ فارم بھی ہیں۔ ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ ہمارے تعلیمی کیمپس منشیات اور تمباکو کے اثرات سے مکمل طور پر پاک رہیں۔‘‘سکینہ اِیتو نے ایک مضبوط احتیاطی نظام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے حکام کو ہدایت دی کہ منشیات، تمباکو نوشی اور نشہ آور اشیا کے نقصانات سے متعلق بیداری مہمات کو مزید تیز کیا جائے۔اُنہوں نے سکولوں اور کالجوں کے آس پاس تمباکو اور نکوٹین مصنوعات کی فروخت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ایسی تمام دکانوںکو بند کرنے کی ہدایت دی جو تعلیمی اِداروں کے قریب سگریٹ اور دیگر تمباکو مصنوعات فروخت کرتے پائے جائیں تاکہ موجودہ قوانین اور ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔وزیر موصوفہ نے قانون عملانے والے اِداروں اور ضلعی اِنتظامیہ کو بھی ہدایت دی کہ وہ باقاعدہ معائینہ کریں بالخصوص سکولوں اور کوچنگ سینٹروں کے اطراف انسدادِ تمباکو قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔