لوگوں کو عبورو مرور میں دشواریوں کا سامنا ، اعلیٰ حکام سے مداخلت کی اپیل
سرینگر//اننت ناگ کے سنگلدان لڈکی پورہ میں سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ لوگوں نے بتایا کہ اس ضمن میں کئی بار متعلقہ حکام تک یہ معاملہ پہنچایا گیا لیکن خالی یقین دہانیوں کے سوا کچھ ہاتھ نہ لگا۔ وائس آف انڈیا کے مطابق سنگدان، لڈکی پورہ اننت ناگ کے باشندے لنک روڈ کی انتہائی خستہ حالی کی وجہ سے پریشانی کے شکار ہیں جو پچھلے 5 سالوں میں بدترین سے بدتر ہو گئی ہے۔علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ احتجاج سے بچنے کے لیے سڑک کو برقرار رکھا جائے۔ سڑک خراب حالت کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ ایک مقامی رہائشی نے کہاکہ یہ مسئلہ سردیوں کے موسم میں کئی گنا بڑھ جاتا ہے کیوں کہ بارشوں اور برف باری کے سبب سڑک کیچڑ کے دلدل میں تبدیل ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے سڑک پر لوگوں کا عبور و مرور مشکل بن جاتا ہے ۔ مکینوں نے حکام پر سڑک کی مرمت نہ کرنے اور اس مسئلہ پر بے حسی کا الزام لگایا ہے۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمے کے اعلیٰ حکام سے شکایت کا ازالہ کرنے کی اپیل کی ہے۔










