ڈاکٹر درخشان اندابی نے سینکڑوں کی تعداد والے جلوس کی قیادت کی
سری نگر //تاریخ میں پہلی بار جموں و کشمیر وقف بورڈ نے اتوار کو سری نگر میں عید میلاد النبی (ص) کے موقع پر اپنے چیئرپرسن ڈاکٹردرخشان اندرابی کی قیادت میں ایک جلوس نکالا۔جس میں مرد و زن بزرگوں اور بچوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ہے ۔اس دوران اندرابی نے کئی مذہبی مبلغین اور عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد کے ساتھ نگین کلب سے حضرت بل کے قریبی مزار تک میلاد جلوس کی قیادت کی ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اندرابی نے پوری دنیا بالخصوص کشمیری عوام کو اس مبارک موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ نے دنیا، سورج اور چاند بنائے ہیں اور وقف بورڈ اس دن کو بڑے جوش و خروش سے منائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام مسلمانوں اور انسانیت پر یقین رکھنے والے افراد کو عید میلاد منانا چاہیے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کا فرض ہے کہ مستقبل میں بھی اس موقع کو منانے کے لیے اس طرح کا جلوس نکالا جائے۔دریں اثناء ڈویڑن کمشنر پی کے پول نے عید میلاد کے موقع پر کشمیری عوام کو مبارکباد دی۔پول نے آج حاضری دینے کے لیے درگاہ حضرت بل کا دورہ کیا اور آنے والے عقیدت مندوں کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر زیارت کے اطراف میں ٹرانسپورٹ، پانی کی فراہمی اور صفائی کے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ وادی کشمیر کے لیے مسلسل امن اور خوشحالی کے لیے دعائیں کرتے رہیں۔ اس دوران درخشاں اندرابی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پیغمبر اسلام (ص) کے امن، ہم آہنگی، راست بازی اور روحانیت کے پیغام کو دنیا بھر میں عام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کے سامنے آپ (ص) کے ایمان کے حقیقی چہرے کو پیش کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن انسانیت کے لئے امن اور روحانیت کے جشن کا دن ہے، امن و ہم آہنگی کے ساتھ پیغمبر (ص) کے صحیح پیغام کو پھیلاتے ہوئے ہمیں اپنے روحانی ماضی کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔










