سری نگر//زوجیلا کے قریب تازہ برف باری کے بعد سری نگر،لیہہ شاہراہ پرمنگل کو معطل شدہ ٹریفک کی آمدورفت بدھ کی صبح بحال ہوگئی۔ادھر سری نگر جموں قومی شاہراہ اورخطہ پیرپنچال کوشوپیان سے جوڑنے والے مغل روڑ پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق حکام نے بتایاکہ پیر کی شام سے دیر رات گئے تک زوجیلامیں تازہ برف باری ہونے کے بعدمنگل کی صبح سری نگر ،لیہہ شاہراہ پرٹریفک کوپھسلن ہونے کی وجہ سے بند کردیاگیا تھا۔انہوںنے کہاکہ موسمی صورتحال میں بہتری آنے اورشاہراہ کی حالت بہتر ہونے کے بعد بدھ کی صبح سری نگر،لیہہ شاہراہ کو دو طرفہ ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔جموں و کشمیر ٹریفک پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر یہ بھی بتایا کہ اس پہاڑی شاہراہ پر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔ادھر پولیس نے ایک ٹویٹ میں جانکاری دی کہ سری نگرجموں قومی شاہراہ اورمغل روڑ پر ٹریفک بغیر کسی خلل کے چل رہاہے ۔










