ستیش شرما نے کھیر بھوانی مندر اور میربابا حیدر زیارت گاہ کا دورہ کیا

ستیش شرما نے کھیر بھوانی مندر اور میربابا حیدر زیارت گاہ کا دورہ کیا

اِنتظامات کا جائزہ لیا اور بہتر سہولیات کی یقین دہانی کی

سری نگر//وزیر برائے خوراک، شہری رسد ات و امورِ صارفین، ٹرانسپورٹ،اَمورِ نوجوان و کھیل کود ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائنس و ٹیکنالوجی محکمہ جات ستیش شرمانے تولہ مولہ میںکھیر بھوانی مندر کا دورہ کیا اور وہاں حاضری دی۔ اس موقع پر اُنہوں نے جموں و کشمیر میں مذہبی تقریبات کے پُرامن اور بہتر اِنعقاد کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔دورے کے دوران اُنہوں نے آئندہ سالانہ کھیر بھوانی میلے کے اِنتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور مختلف محکموں کے افسران سے یاترا کی تیاریوں کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا۔وزیرموصوف نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ صفائی ستھرائی، بجلی و پانی کی بلا تعطل فراہمی، طبی سہولیات، سیکورٹی رابطہ، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولیات بروقت یقینی بنائی جائیں تاکہ میلے میں عقیدت مندوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔اُنہوں نے عقیدت مندوں کے لئے آسان اور بہتر سفری سہولیات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت دی کہ میلے کے دوران مختلف علاقوں سے مندرتک بس سروس کو ہموار بنایا جائے تاکہ عقیدت مندوں کو آمد و رفت میں کوئی پریشانی نہ ہو۔ستیش شرما نے کہا کہ مذہبی اور ثقافتی تقریبات جموں و کشمیر کے عظیم تہذیبی ورثے کا اہم حصہ ہیں اور حکومت ان مقدس مقامات کی روحانی اقدار کے تحفظ اور عقیدت مندوں کی سہولیت کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے۔بعدمیں وزیر موصوف نے میر بابا حیدر زیارت گاہ کا بھی دورہ کیااور اُنہوں نے عقیدت مندوں کے لئے دستیاب بنیادی ڈھانچے اور شہری سہولیات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ زیادہ گاہ کے کمپلیکس میں سولرائزیشن کریں تاکہ اہم مذہبی مقامات پر حکومت کے دیرپا اور ماحولیاتی دوستانہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے اَقدامات کو فروغ دیا جا سکے۔اُنہوں نے حکام کو زیارت گاہ پر روشنی، صفائی اور عوامی سہولیات سمیت دیگر بنیادی ڈھانچے کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت دی تاکہ عقیدت مندوںکو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
دورے کے دوران ستیش شرما نے مختلف علاقوں اور کمیونٹیوںکے وفود سے بھی ملاقات کی۔ وفود نے عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی اَمور سے متعلق کئی مسائل وزیر موصوف کو گوش گزار کئے۔وزیر نے وفود کے مسائل کو بغور سُنااور یقین دِلایا کہ ان کے جائز مطالبات کا ہمدردانہ جائزہ لیا جائے گا اور جلد از جلد مناسب اَقدامات کئے جائیں گے۔وزیر ستیش شرما نے کبڈی کھلاڑیوں اور نوجوان سپورٹس پرسنز کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی جنہوں نے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور تربیتی سہولیات سے متعلق مسائل اُجاگر کئے۔ ستیش شرما نے نوجوانوں کے کھیلوں کے تئیں جذبے اور وابستگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لئے سنجیدہ ہے۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت نچلی سطح پر کھیلوں کے فروغ اور باصلاحیت نوجوانوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کے لئے ضروری سہولیات اور پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔