ریاست کا درجہ دینے اور جموں ۔ اکھنور ، کلیتھ ۔ ڈوری ڈگر ریلوے پروجیکٹ کے مطالبے کو دوہرایا
جموں//وزیر برائے خوراک ، شہری سپلائیز و امور صارفین ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس اور سائنس و ٹیکنالوجی مسٹر ستیش شرما نے آج ریجنل میٹرالوجیکل سنٹر جموں کے افتتاح کو ایک تاریخی کامیابی قرار دیا جو موسم کی پیشن گوئی کرنے کی صلاحیتوں ، آفات سے نمٹنے کی تیاری ، جموں کے عوام کی حفاظت اور سائنس و ٹیکنالوجی کو نمایاں طور پر مضبوط کرے گا ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے ارتھ سائینسز کی وزارت ، انڈیا میٹرالوجیکل ڈیپارٹمنٹ ( آئی ایم ڈی ) اور مرکز کے قیام میں شامل تمام اسٹیک ہولڈرز کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے محکمہ موسمیات جموں کو ایک مکمل علاقائی موسمیاتی مرکز میں تبدیل کرنے کوع ہمالیاتی خطے کو درپیش منفرد جغرافیائی اور موسمی چیلنجوں کی پہچان قرار دیا ۔ وزیر نے کہا ’’ جموں و کشمیر اور لداخ دنیا کی سب سے زیادہ موسمی لحاظ سے حساس اور موسمی طور پر پیچیدہ خطوں میں سے ہیں ۔ اس مرکز کا قیام درست ، مقامی اور بروقت موسمی خدمات فراہم کرنے کی طرف ایک تبدیلی کا قدم ہے جو زندگیوں کے تحفظ ، ذریعہ معاش کو سہارا دینے اور آفات سے نمٹنے کے نظام کو مضبوط بنانے کیلئے اہم ہیں ۔ ‘‘ برفانی تودے ، طوفانی سیلاب ، بادل پھٹنے اور شدید موسمی واقعات کا شکار خطے میں سائینسی بنیادی ڈھانچے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ستیش شرما نے کہا کہ مرکز پہاڑی موسمیات ، کوائیوسفئیر اسٹڈیز ، برفانی تودے کی پیشن گوئی اور اونچائی پر موسم کی خدمات میں وقف مہارت فراہم کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کے فوائد کسانوں ، سیکورٹی فورسز ، سیاحوں ، محققین اور ڈیزاسٹر ریسپانس ایجنسیوں تک یکساں طور پر پہنچیں گے ۔ وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ بہتر پیشن گوئی اور قبل از وقت انتباہ کے نظام قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے جبکہ کمزور علاقوں میں رہنے والی کمیونٹیز میں لچک میں اضافہ کریں گے ۔ وزیر نے جموں میں علاقائی موسمیاتی مرکز کے قیام میں سہولت فراہم کرنے کیلئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور ارتھ سائینسز کی وزارت کی قیادت کے تعاون کی بھی تعریف کی ۔ اس موقع پر مسٹر ستیش شرما نے جموں و کشمیر کے لوگوں کی مکمل ریاستی حیثیت کی بحالی کی دیرینہ خواہشات کو بھی مضبوطی سے دوہرایا ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریاست کا درجہ دینے سے جمہوری اداروں کو مزید تقویت ملے گی ، انتظامی کارکردگی میں اضافہ ہو گا اور لوگوں کو علاقے کی ترقی کے سفر میں زیادہ موثر طریقے سے حصہ لینے کا اختیار ملے گا ۔
وزیر موصوف نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے جمہوری عمل میں مسلسل اپنے اعتماد کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ جلد از جلد ریاست کی بحالی کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مرکزی حکومت عوام کی امنگوں پر پورا اترتے ہوئے اس سلسلے میں مثبے فیصلہ کرے گی ۔ بہتر نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے مسٹر ستیش شرما نے جموں خطہ میں ریلوے کنیکٹیویٹی پروجیکٹوں ، خاص طور پر مجوزہ جموں ۔ اکھنور ۔ کھوڑ بیلٹ اور کلیتھ ۔ ڈوری ڈگر ریلوے لنکس پر تیز رفتار پیش رفت کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس اسٹریٹجک اور اقتصادی طور پر اہم علاقوں تک ریل رابطے کو بڑھانے سے سیاحت کو فروغ ملے گا ، تجارت میں سہولت ملے گی ، مقامی باشندوں کی نقل و حرکت میں بہتری آئے گی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے نئے راستے کھلیں گے ۔










